counter easy hit

سانحہ پشاور، صدمے کے باعث پرفارم نہیں کرسکا:علی ظفر

Ali Zafar

Ali Zafar

کراچی (یس ڈیسک) نامور گلوکار اور اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور پر حملہ بہت بڑا سانحہ تھا، وہ اس کی وجہ سے کافی عرصہ پرفارم بھی نہیں کر پائے۔ ایک انٹرویو میں علی ظفر نے کہا کہ 16 دسمبر کو وہ لاہور میں تھے جب انہیں سکول پر حملے کا علم ہوا، انہیں اس قدر دکھ ہوا کہ بیان نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ سانحہ کے باعث وہ اس قدر صدمے میں تھے کہ ان میں پرفارم کرنے کی ہمت نہیں تھی، اس لیے انہوں نے کئی کنسرٹس منسوخ کیے ، واقعہ کے بعد پہلی بار سٹوڈیو آیا تو اندازہ ہوا کہ اپنے دکھ کا اظہار کیے بغیر کوئی اور کام نہیں کرسکتا۔انکے بقول انہیں سنبھلنے میں بہت وقت لگا، سانحے نے جس طرح دل پر اثر کیا اسے بیان کرنا مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لئے میوزک کا سہارا لیا۔

سانحہ پشاور کے متاثرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اپنے گانے سے متعلق بات کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ جذبات کے اظہار کے ساتھ یہ گانا تعلیم کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے بچوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بدلنے کیلئے سب سے پہلے اپنے اندر تبدیلی لانا ہوگی، آئندہ نسل کو بہتر معاشرہ دے کر جانا چاہتا ہوں، ایک ایسا معاشرہ جہاں مل جل کر رہنے، ایک دوسرے کو سننے اور برداشت کرنے کی صلاحیت ہو۔