counter easy hit

ٹریفک چالان گھروں میں بھجوانے کا آغاز

Traffic Police

Traffic Police

لاہور (یس ڈیسک) ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انکے گھروں میں چالان نوٹس بھجوانے کی پالیسی پر عملدرآمد شروع کر دیا، ابتدائی مراحل میں وارننگ جبکہ 10 روز بعد جرمانے کے نوٹس ارسال کئے جائیں گے۔ اس پالیسی پر عملدرآمد کے لئے سٹی ٹریفک پولیس کی ای برانچ نے محکمہ ایکسائز کی مدد سے تمام رجسٹرڈ وہیکلز کا ریکارڈ آن لائن لنک کر لیا ہے، 10 بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس کینسل کر دیا جائے گا۔

سٹی ٹریفک پولیس کی ویجی لینس ٹیم کو ابتدائی طور پر جدید 25 کیمرے فراہم کر دئیے گئے ہیں، ویجی لینس ٹیم نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی تصاویر بنائے گی بلکہ ان تصویروں کو نئی سبز رنگ کی رسید کے ساتھ متعلقہ گاڑیوں کے مالکان کے گھروں میں پہنچایاجائے گا۔ ابتدائی طور پر ویجی لینس ٹیم نے گزشتہ روز ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر 200 سے زائد شہریوں کے گھروں میں وارننگ نوٹس بھجوائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جرمانے شروع ہونے پر ہر گاڑی کے ریکارڈ میں سٹی ٹریفک پولیس کے جرمانے کا ڈیٹا بھی محکمہ ایکسائز کے پاس ہو گا تا کہ جرمانہ کی رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر محکمہ ایکسائز وہیکلز کی ٹرانسفر اور ٹوکن کی ادائیگی کے وقت جرمانے کی رقم وصول کرلے۔

ذرائع کے مطابق ویجی لینس سیل کو پابند کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹریفک وارڈن ڈیوٹی کے بجائے آرام کرتا دکھائی دے تو اسکی تصاویر بھی بنائی جائیں تا کہ اسکے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔