counter easy hit

ملک میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل

لاہور(ویب ڈیسک)ملک میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث بدھ سے ہفتے کے روز تک طوفانی بارشیں اور ژالہ باری کا امکان ہے، کئی علاقوں میں آندھی طوفان بھی آئے گا۔

گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث پاکستان کے متعدد علاقوں میں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور روالپنڈی میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ جبکہ لاہور،فیصل آباد، سرگودھا اور چنیوٹ میں بھی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث رمضان بازار کیلئے لگائے گئے ٹینٹ اکھڑ گئے۔ مظفرآباد اور گردو نواح میں بھی موسلا دھار بارش سے درجہ حرارت میں کمی واقعی ہوئی۔ پنجاب کے شہروں پنڈی بھٹیاں، ٹیکسلا، سانگلہ ہل اور گردو نوح میں بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوا چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں برسات اور تیز آندھی کی پیش گوئی کی ہے جس سے درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری کمی ہوسکتی ہے۔

رواں ہفتے کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ،راولپنڈی ڈویڑن،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر وقفے وقفے سے برسات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں شدید گرم رہا۔ تاہم ڈی جی خان، بہاولپور، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، ژوب، مکران ڈویژن اورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں پر آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ جبکہ راولپنڈی،لاہور، سرگودھا، کوئٹہ اور سکھر ڈویژن میں بوندا باندی ہوئی۔اتوار کو ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: سکرنڈ43، سکرنڈ، بھکر، تربت، مٹھی اور شہید بینظرآباد 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔