انگلش کرکٹرز کو نصف شب تک ہوٹلز سے باہر رہنے کی اجازت مل گئی۔

دورہ آسٹریلیا میں کرفیو پابندیوں پر سینئر پلیئرز ناخوش تھے، دو میچز کے خسارے کے باوجود انگلش کوچ ٹریور بیلس نے پرتھ ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ دوسری جانب سابق کپتانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انگلش ٹیم ایشز سیریز میں وائٹ واش شکست کی جانب بڑھ رہی ہے۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان اور باب وولس نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شکست کے بعد اپنے تبصرے میں کہا کہ انگلش ٹیم اب شاید پانچوں ٹیسٹ میچز ہار جائے، پرتھ ہمیشہ سے کینگروز کا مضبوط ترین قلعہ رہا ہے۔ اس میدان پر انگلش ٹیم 1978 کے بعد آسٹریلیا کو شکست نہیں دے سکی۔








