counter easy hit

این اے 246 ضمنی الیکشن کا بڑا مقابلہ، پولنگ کا مقررہ وقت ختم

Polling Stations

Polling Stations

کراچی (جیوڈیسک) حلقہ این اے 246 میں پولنگ کا عمل شروع ہوا تو عوام کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ ڈالنے گھروں سے نکلی۔ کہیں تمام امور خیر خوبی سے انجام پاتے رہے تو کہیں عوام کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات تھے۔ ووٹنگ کا عمل شروع ہوا تو ووٹرز نے دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبح کے اوقات میں ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لئے پولنگ سٹیشنز کا رُخ کیا۔

خواتین کو کہیں کہیں ووٹ ڈالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی کو اپنا پولنگ سٹیشن ڈھونڈنے میں دقت ہوئی تو کہیں ووٹنگ عمل تاخیر سے شروع ہونے کے باعث ووٹرز کو انتظار کرنا پڑا۔ پولنگ سٹیشنز پر جہاں کچھ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو وہیں شہریوں کی اکثریت انتظامات سے مطمئن بھی نظر آئی۔

کئی نے تو ووٹ ڈالتے ہی وکٹری کا نشان بنا کر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ ووٹرز شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے لائنوں میں کھڑے ہو کر ووٹ کا حق استعمال کرتے رہے۔ عمران اسماعیل، ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل اور جماعت اسلامی کے راشد نسیم نے اپنے اپنے حلقوں میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا اور مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔

ضمنی الیکشن کے موقع پر رینجرز اور الیکشن کمیشن کی جانب سے بہترین انتظامات دیکھنے کو ملے۔ رینجرز پولنگ کے دوران انتہائی الرٹ رہی اور تمام ووٹرز کی جامع تلاشی اور شناختی چیک کرنے کے بعد سٹیشنز کے اندر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ پولنگ کے باہر کسی امیدوار اور ووٹرز کو میڈیا سے بات چیت کرنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔