counter easy hit

محترمہ ڈاکٹر زر نگار یاسمین کو شریف اکیڈمی جرمنی کا ڈائریکٹر صوبہ بہار نامزد کیا گیا

Zarnigar Dr. Yasmin

Zarnigar Dr. Yasmin

پٹنہ (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ) صوبہ بہار انڈیا کے شہر پٹنہ میں مقیم علم و ادب کی خدمت میں سر گرمِ عمل ڈاکٹر زر نگار یاسمین کو ،شریف اکیڈمی جرمنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے متفقہ فیصلے کے مطابق صوبہ بہار کاڈائریکٹر نامزد کیا گیا۔

ڈاکٹر زر نگار یاسمین اردو کے مایہ ناز شاعر کیف عظیم آبادی کی صاحبزادی ہیں ۔علم و ادب سے محبت انہیں ورثے میں ملی ۔دوران ِ تعلیم ہمیشہ امتیازی پوزیشن حاصل کی ۔جبکہ ایم ۔اے میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔پٹنہ یورنیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اسی یورنیورسٹی میں بطور معلم اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔بنیادی طور پر ریسرچ اسکالر ہیں ۔انہوں نے متعدد تحقیقی اور تنقیدی مضامین لکھے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

آپ کے مضامین ادبی رسائل وجرائد کی زینت بنتے رہتے ہیں ۔جو کہ عالمی سطح پر تشنہ روحوں کی سیرابی کا باعث ہیں ۔تین تحقیقی کتب دبستان ادب میں اپنی خوشبو پھیلا رہی ہیں ۔جن میں ’’قراۃالعین حیدر کے ناولوں کا موضوعاتی مطالعہ‘‘’’اردو فکشن اور ہجرت کے مسائل 1947 کے بعد‘‘’’کیف عظیم آبادی مقام اور کلام ‘‘ شامل ہیں ۔جبکہ تنقیدی مضامین پر مشتمل دو کتابیں اشاعت کے مراحل میں ہیں ۔ڈاکٹر زر نگار یاسمین دوردرشن اور آکاش وانی سے بھی وابستہ ہیں۔ اور متعدد پروگرموں کے ذریعہ وہ اپنی حاضری لگاتی رہتی ہے۔

تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب کی خدمت میں مستعد ہیں ۔اور بہار اردو اکیڈمی کی ایگزیکٹو ممبر ہیں ۔شریف اکیڈمی کی عالمی سطح پر علم و ادب کی خدمات کو قدر ومنزلت سے دیکھتے ہوئے اکیڈمی کے مقاصد میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں ۔جس کے باعث انہیں اکیڈمی کا ڈائریکٹر صوبہ بہار نامزد کیا گیا۔

شریف اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو شفیق مراد نے کہا کہ ڈاکٹر زر نگار یاسمین اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمت گذار ہیں ان کی اکیڈمی میں شمولیت اکیڈمی کے لئے قیمتی اثاثہ ثابت ہو گی اور صوبہ بہار میں اکیڈمی کے پلیٹ فارم پرفروغ علم و ادب کا کام بین الاقوامی سطح پر اہل قلم کے باہمی روابط کے لیے مفید ثابت ہو گا۔انہوں نے اکیڈمی کے کرہ ارض پر پھیلے ہوئے تمام ممبران کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔

logo

logo

Zarnigar Dr. Yasmin

Zarnigar Dr. Yasmin