counter easy hit

ڈاکٹر محمد ناظم علی وظیفہ پر سبکدوش۔ علمی، ادبی، تدریسی و انتظامی خدمات پر بھرپور خراج تحسین پیش

Telangana University Event

Telangana University Event

تلنگانہ : ڈاکٹر محمد ناظم علی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ و درپلی’سنیٹ ممبر تلنگانہ یونیورسٹی اردو ادب کے نامور ادیب’محقق و نقاد اور ماہر تعلیم اپنی 30سالہ تعلیمی وسرکاری خدمات کی انجام دہی کے بعد31جنوری کو وظیفہ حسن خدمت سے سبکدوش ہوئے۔

اس موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ پر کالج انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر محمد ناظم علی کی سبکدوشی تقریب منعقد کی گئی۔ جس کی صدارت پروفیسر آر لمبادری رجسٹرار تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد نے کی۔ جب کہ دیگر مہمانوں میںڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی’ڈاکٹر موسیٰ اقبال’ ڈاکٹر گل رعنا’ڈاکٹرمحمد عبدالقوی اسسٹنٹ پروفیسرس شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی’ محمد عبدالرحمن صدر شعبہ اردو گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن’ڈاکٹر عسکری صفدر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج آرمور’پروینا بائی اسسٹنٹ پروفیسر ہندی تلنگانہ یونیورسٹی’ محمد وسیم علی انجینیر’محمد رحیم الدین محکمہ برقی اور کالج کے لیکچررس نے شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد ناظم علی نے بہ حیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اردو ڈگری کالج نلگنڈہ سے اپنی سرکاری ملازمت کا آغاز کیا۔ گری راج گورنمنٹ کالج نظام آباد نے انہوں نے 1991تا2010تقریباً19سال صدر شعبہ اردو کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ کالج کے اکیڈیمک کو آرڈینیٹر بھی رہے۔ بعد ترقی وہ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ2010تا 2016اپنی خدمات انجام دینے کے بعد وہ وظیفہ پر سبکدوش ہوئے۔ دوران ملازمت انہیں حکومت اور اردو اکیڈیمی کی جانب سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس لمبادری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد ناظم علی نے بڑی محنت و لگن سے خدمات انجام دیں۔ انہیں پرانے اور نئے کالج میں کام کرنے کا موقع ملا۔

تلنگانہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے قیام اور اس کی بنیاد کو مضبوط کرنے میں ان کا ہاتھ ہے انہوں نے اپنی خدمات سے شعبہ تعلیمات کا نام روشن کیا۔ وہ لوگوں میں بے حد مقبول رہے ۔ ڈاکٹر صفدر عسکری پرنسپل آرمور ڈگری کالج نے کہا کہ ڈاکٹر محمد ناظم علی سادگی پسند’صاف گو اور ملنسار انسان رہے۔ انہوں نے اردو ادب کا دامن وسیع کیا۔ ان کی تصانیف اور اخبارات میں لکھے گئے مضامین اور مراسلے اردو کے اہم مسائل پر روشنی ڈالتے ہیں۔ انہوں نے اردو کی ادبی و تہذیبی محفلوں میں پابندی سے شرکت کی اور اپنی بات رکھی۔ وہ ہمیشہ کالج کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش میں لگے رہے اور نا مساعد حالات میں موڑتاڑ ڈگری کالج کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ پرنسپل بننے کے بعدبھی ان کی تصنیف و تالیف کا سلسلہ جاری رہا اور تین اردو تصانیف شائع کیں۔ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد ناظم علی کی شخصیت جہد مسلسل کی عملی تصویر ہے وہ کام ہی کام کرتے تھے۔

ان کے مشورے پر انہوں نے تلنگانہ یونیورسٹی میں ملازمت کی درخواست دی اور آج وہ ترقی کے مراحل طے کر رہی ہیں۔ شعبے اردو کے لئے ڈاکٹر محمد ناظم علی نے اپنے مفید مشوروں اور عملی طور پر خدمات پیش کیں۔ جس کے لئے شعبہ اردو ان کی گراں قدر خدمات کو خراج پیش کرتا ہے۔ ڈاکٹر موسیٰ اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر محمد ناظم علی ایک حرکیاتی پرنسپل اور خادم اردو رہے انہوں نے اپنی انتظامی صلاحیتوں سے کالج کو پروان چڑھایا اور ادبی و علمی خدمات سے طلباء کا مستقبل روشن کیا امیدہے کہ وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد بھی ان کی علمی خدمات سے استفادہ حاصل کیا جاتا رہے گا۔ ڈاکٹر گل رعنا ‘ ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے بھی ڈاکٹر محمد ناظم علی کے ساتھ اپنی رفاقتوں کا ذکر کیا اور فروغ اردو کے لئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

قبل ازیں کالج کے لیکچرر پیدنا نے ڈاکٹر محمد ناظم علی کا تعارف پیش کیا جب کہ کالج کے لیکچررس ٹی سنجیو کمار’سری کانت’رویندر’دسرتھ’کنڈل ریڈی نے اپنے پرنسپل کی خدمات کا احاطہ کیا۔ سبکدوشی تقریب میں ڈاکٹر محمد ناظم علی کے ساتھیوں ایم اے رحمٰن’ذاکر حسین’سید عبدالحمید’واصف الدین صدیقی ‘یونس صاحب کنٹرولر آرٹی سی’محمد پاشا ‘اعظم وغیرہ نے ان سے اپنی دیرینہ رفاقت کا اظہار کیا۔ سبکدوشی تقریب میں ڈاکٹر محمد ناظم علی کی بڑے پیمانے پر شال پوشی کی گئی اور انہیں کالج سے وداع کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی کے اعزاز میں گری راج گورنمنٹ کالج ڈی آرسی کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی ۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر راجندر پرساد’راکیش چندرا’ورا پرساد پرنسپل بودھن ڈگری کالج’شیش گری رائو بانسواڑہ پرنسپل اور دیگر کالجوں کے پرنسپلوں نے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی شال پوشی کی۔

ڈاکٹر محمد ناظم علی کے وظیفہ پر سبکدوشی پر نظام آباد کے تعلیمی و ادبی حلقوں کی جانب سے جناب جمیل نظام آبادی مدیر گونج’ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج و سرپرست اعلیٰ اردو اسکالرس اسوسی ایشن’ محمد عابد علی لیکچرر کامرس’ ڈاکٹر محمد عبدالرفیق لیکچرر کیمسٹری’ رضی الدین اسلم لیکچرر فزکس’ محمد عبدالبصیر لیکچرر اردو’ جناب محمد نصیر الدین صاحب سابق صدر شعبہ تاریخ گری راج کالج’ سید مجیب علی کرسپانڈنٹ نالج پارک انٹرنیشنل اسکول’جناب حلیم خان صدر الفلاح سوسائٹی’ جناب ریاض تنہا صاحب صدر ادارہ ادب اسلامی اے پی و اڑیسہ’ دیگر ماہرین تعلیم’اساتذہ’ لیکچررز’ شعرا و ادیبوں’ماہرین تعلیم’ طلباء اولیائے طلباء اور عزیز و اقارب نے ان کے ساتھ نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کے ساتھ اظہار تشکر پیش کیا۔