counter easy hit

جمہوریت کی برکتیں اور دیہی علاقے

قارئین کرام! آج کچھ بات کرتے ہیں جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے چند علاقوں کی جہاں کی عوام صحت کی سہولیات سے محروم دکھائی دیتی ہے۔ ضلع جھنگ پاکستان کا پسماندہ ترین ضلع ہے۔ تحصیل اٹھارہ ہزاری کی عوام تاحال کچھ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔یہاں کے موجودہ ایم پی اے فیصل حیات جبوانہ صاحب مشیر وزیر اعلی پنجاب جبکہ ایم این اے صاحبزادہ محبوب سلطان صاحب وفاقی وزیر خوراک ہیں۔ لیکن یہاں کی عوام اگر اب بھی پریشانی سے دو چار ہو تو فیصلہ آپ کیجیے۔ بات کرتے ہیں سب ہیلتھ سینٹر نجف آباد کی کہ جو تقریبا بیس ہزار افراد کے لیے اکلوتا سب ہیلتھ سینٹر تھا لیکن افسوس کہ لیگی دور حکومت میں بالکل بند کر دیا گیا۔ اب یہاں کی عوام کو علاج معالجے کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اٹھارہ ہزاری جانا پڑتا ہے جو کہ یہاں سے تقریبا پندرہ کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ قارئین کرام اندازہ کیجیے کہ کچا راستہ ہو اور مریضوں کو پندرہ کلو میٹر سفر کرنا پڑے تو کتنی مشکلات ہونگی اور اکثر مریض تو راستے میں ہی دم توڑ جائیں گے۔ عوام کو ان مسائل سے کون نکالے گا۔ عوامی نمائندے کہ جنہیں عوام نے اپنے قیمتی ووٹوں سے نوازا۔کہ جنہیں عوام نے اس قابل سمجھا کہ یہ ہمارے مسائل پر کھل کر بات کرسکیں گے کہ جنہیں عوام کے ووٹوں نے اتنی عزت دی۔ وہ آج آنکھیں موندے کیوں بیٹھے ہیں۔کیوں ان کی توجہ عوام کی طرف نہیں۔ سیاستدان خواہ وہ اعظم چیلہ صاحب ہوں محبوب سلطان صاحب یا فیصل جبوانہ صاحب ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا یہاں کی عوام کو اس مشکل سے باہر نکالا جائے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ آپ کو عوام کا احساس نہیں ہے لیکن خدارا اپنے ووٹروں پہ رحم کیجیے۔ تاکہ یہاں کے لوگ بھی خوشگوار زندگی بسر کرسکیں۔ دیہی علاقوں کی طرف توجہ دیجئے جہاں لوگوں کے پاس سہولیات نہیں ہیں۔