counter easy hit

ہتک عزت کیس: عدالت نے عمران خان سے جواب مانگ لیا

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (یس ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نذیر احمد نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے ہتک عزت پر 20ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کے مقدمے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے وکالت نامہ جمع کرایا جس پر افتخار چوہدری کے وکیل شیخ احسن نے اعتراض کیا اور کہا کہ افتخار چوہدری نے بابر اعوان کا وکالت کا لائسنس معطل کیا تھا، بابر اعوان میرے موکل کیخلاف تعصب رکھتے ہیں۔

عدالت نے افتخار چوہدری کے وکلا کو بابر اعوان کے وکالت نامے کے حوالے سے اعتراضات کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق دائرکرنے اور اس معاملے پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا عمران خان کو جب عدالتوں سے انصاف نہیں ملا تو وہ سڑکوں پر آئے، الیکشن دھاندلی زدہ ہونے کا کئی دوسرے اہم سیاستدان بھی کہہ چکے ہیں مگر ایک مخصوص سوچ کے تحت عمران کیخلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا گیا۔