لاہور: ہائی کورٹ نے مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج اور دھرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے پوچھا کہ حکومت نے دھرنے کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے، کیا آپکو معلوم ہے کہ دھرنے کے باعث ہم عدالت میں کیسے پہنچے، سیاسی جماعتوں کو عام شہریوں کے حقوق کا احساس کرنا چاہئیے، ان شہریوں کے حقوق اہم ہیں جو اسکول اور اسپتال نہیں پہنچ پارہے۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر نے کہا کہ پیمرا میڈیا ہاؤسز کو دھرنوں کی کوریج کرنے سے روک دے تو احتجاج خود ختم ہوجائے گا، واٹر کینن یا آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں سے حکومت دھرنا روک سکتی ہے، مگر حکومت خوفزدہ ہے کہ کہیں مزاحمت پر خون نہ بہ جائے۔








