کینٹربری: آئر لینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے دوسرے روز بھی پاکستانی کرکٹرز کی پریکٹس کا سلسلہ جاری رہا جب کہ کوچز کی توجہ مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر مرکوز رہی۔

بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نیٹ کے بہت قریب کھڑے ہوکر اسد شفیق، بابر اعظم اور حارث سہیل کے اسٹروکس چیک کرتے رہے۔ انھوں نے بیٹ ہاتھ میں پکڑکر آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کیلیے مشورے دیے، مڈل آرڈر میں شامل بیٹسمین ایک نیٹ میں پیسرز کا سامنا کرنے کے بعد دوسرے میں اسپنرز کی گیندیں بھی کھیلتے رہے، حارث سہیل نے بیٹنگ کے بعد اسپن بولنگ کیلیے شاداب خان کو بھی جوائن کیا۔
ویزا مسائل کے سبب تاخیر سے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے محمد عامر بدھ کو ٹریننگ میں شریک نہیں تھے، گذشتہ روز وہ نیٹ پر بھرپور ردھم میں نظر آئے، دوسرے پیسر راحت علی بھی بولنگ کوچ اظہر محمود کی خاص توجہ کا مرکز بنے، حسن علی اور محمد عباس نے لائن اور لینتھ بہتر بنائی۔ سردی کی وجہ سے چند کرکٹرز نے سوویٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے کئی ارکان نے کیپس پہنے رکھیں۔








