پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی نے زرعی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پر دہشت گردی کے حملے کا مقدمہ درج کرلیا جب کہ تعلیمی ادارے کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسپتال میں داخل 11 زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا ہے اور دہشت گردوں کی لاشیں ابھی تک مردہ خانے میں ہیں، جن کی شناخت کے لئے ڈی این اے کے نمونے لے لیے گئے ہیں جب کہ دہشت گردوں کے زیراستعمال رکشہ کا انجن چیسز نمبر بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے تھے جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں خود کش حملہ آور ہلاک ہوگئے تھے۔








