counter easy hit

برسلزمیں کشمیری ثقافت پر تین روزہ نمائش جمعہ کے روز شروع ہوگی، نمائش کا اہتمام کشمیرکونسل ای یوکررہی ہے

Kashmir Council EU

Kashmir Council EU

برسلز(پ۔ر) بلجیم کے دارالحکومت برسلزکے علاقے ”مولن بیک” میں کشمیری ثقافت کے بارے میں تین روزنمائش جمعہ 22 اپریل سے شروع ہورہی ہے۔یہ نمائش مولن بیک کی کمیون کی عمارت میں ہورہی ہے جس کا اہتما م کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کررہی ہے جبکہ میزبانی کے فرائض پاکستانی نژاد خاتون کونسلر شازیہ منظورانجام دے رہی ہیں۔

”کشمیرکی خوبصورتی مولن بیک میں” کے عنوان سے یہ نمائش اتوار24اپریل تک جاری رہے گی۔نمائش میں کشمیری ثقافت سے متعلق فن پارے اوردستکاری کاسامان رکھاجائے گا ۔ نمائش کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی جس سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگرکرنے میں مددملے گی۔ نمائش کا افتتاح بلجیم میں پاکستا ن کی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی اور مولن بیک کی میئرمادام فرانسواسکپمانزمقامی وقت کے مطابق جمعہ کے روزشام چھ بجے کریں گی۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضاسید کاکہناہے کہ نمائش کا مقصد کشمیری ثقافت کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کومقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنا ہے تاکہ بھارتی مظالم کو روکوانے کے لیے عالمی برادری کانئی دہلی پر دبائو بڑھ سکے۔کشمیرکونسل ای یو ابتک یورپ میں مسئلہ کشمیرکواجاگرکرنے کے لیے متعدد اقدامات کرچکی ہے۔

بلجیم سمیت یورپ کے مختلف ملکوں میں ابتک کئی کانفرنسیں اور سیمیناروں منعقد ہوچکے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں روکوانے اور مسئلہ کشمیرپر آگاہی پیداکرنے کے لیے یورپ میں کشمیریوں کی حمایت میں ایک ملین دستخطی مہم جاری ہے ۔ علی رضاسید کے بقول، جب تک ایک ملین دستخط جمع نہیں ہوجاتے، یہ مہم جاری رہے گی۔ایک ملین دستخط مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے معاملے کو یورپی پارلیمنٹ میں پیش کیاجاسکے گا۔