counter easy hit

عبدالمتین روزانہ ٨ سے ١٠ ہزار لیٹر پانی مفت میں تقسیم کرتے ہیں

Mateen Latur Free Water Supply

Mateen Latur Free Water Supply

مہاراشٹر (احمد نثار) بھارت کی ریاست مہاراشٹر، ضلع لاتور، پانی کی قلت کی وجہ سے بے حال ہے۔حال ہی میں سرخیوں میں رہا کہ اس ضلع کو ریاست دہلی سے ٹرین میں پانی روانہ کیا جارہا ہے تاکہ یہاں کی عوام کو پانی مہیا کرسکیں۔ ایسے سنگین حالات میں شہر لاتور کے محلہ امن کالونی میں، ہر روز 150 سے 200 گھروں کو پانی مفت میں فراہم کرتے ہیں عبدالمتین شیخ۔

عبدالمتین شیخ شہر لاتور کے امن کالونی میں واقع صورت شاہ ولی اردو سکول میں ریاضی کے مدرس ہیں۔ ان کے گھر میں اپنا نجی بور ویل ہے، جس میں پانی کی فراوانی خوب ہے۔ پچھلے تین مہینوں سے بلا تفریق مذہب و ملت سب کو مفت میں پانی فراہم کررہے ہیں۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ کے اس نیک کام کے تعلق سے آپ کیا کہنا چاہتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ اللہ نے اس محلے والوں کی قسمت کا پانی میرے اس بور ویل میں رکھا ہے، اور لوگ اپنے اپنے حصے کا پانی لے جارہے ہیں۔

مدرس عبدالمتین شیخ کے اس کارِ خیر کی سب تعریف کرنے لگے ہیں۔ جب بھی کوئی تعریفی جملے کہنے لگتا ہے تو متین شرما جاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ علامت نیک بختوں کی ہے جو خدمتِ خلق صرف اللہ کے لیے کرتے ہیں۔