اسلام آباد(ایس ایم حسنین)اہم ترین خلیجی ممالک سعودی عرب اور قطر کے درمیان مشترکہ سرحدی گزرگاہیں کھل گئیں۔ قطر اور سعودی عرب نے اپنی مشترکہ سرحد پر واقع گزر گاہيں ہفتے کے دن سے کھول دی ہيں۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق قطری ذرائع کے مطابق نو جنوری کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے ابو سمرہ کی گزر گاہ کھول دی گئی اور اب اس کے راستے آمد و رفت جاری ہے۔ البتہ کورونا وائرس کی وبا کے تناظر ميں قطر نے سعودی عرب سے آنے والوں کے ليے سخت طبی قوانين کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوطرفہ زمينی رابطوں کی یہ بحالی قريب ساڑھے تين سال تک جاری رہنے والے قطر کے سفارتی بائیکاٹ کے خاتمے کے ليے طے پانے والی حالیہ ڈيل کے نتيجے ميں ممکن ہوئی۔ متحدہ عرب امارات، بحرين اور مصر سميت سعودی عرب نے انتہا پسند ايرانی قوتوں کی حمايت کا الزام عائد کرتے ہوئے جون سن 2017 ميں قطر کے ساتھ اپنے جملہ تعلقات اور رابطے منقطع کر ديے تھے۔