counter easy hit

شہید اویس علی بہادری کی شاندار مثال

گوادر: گوادر میں 5 اسٹار ہوٹل پر حملے میں شہید ہونے والے 5 افراد میں اویس علی شاہ بھی شامل ہیں جو ہوٹل کے گیٹ پر سکیورٹی سپر وائزر تعینات تھے۔

ہفتے کی شام سید اویس علی شاہ ہوٹل کے گیٹ پر موجود تھے جب مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ انھوں نے دہشت گردوں کو روکنے کی بھرپور کوشش کی مگر فائرنگ کے تبادلہ میں جان سے چلے گئے۔ان کا تعلق ہری پور سے تھا اور انھوں نے لواحقین میں دو کمسن بیٹے اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ وہ اپنے گھر میں سب سے بڑے تھے اور ان کے والدین بھی ان کے ہمراہ گاؤں میں رہائش پذیر تھے۔اویس علی نے میٹرک کرنے کے بعد پولی ٹیکنیک کالج سے سول انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی۔ اس سے پہلے وہ کراچی کے 5 اسٹار ہوٹل میں بطور گارڈ ملازم تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی ان کا گوادر تبادلہ ہوا تھا۔یاد رہے کہ گوادر پی سی پر حملے کے افسوسناک واقعے کے بعد آئی ایس پی آر نے گوادر آپریشن پر تازہ صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے پی سی گوادر میں کلیئرئنس آپریشن مکمل کر لیاہے تاہم اس دوران ہوٹل کے گارڈ سمیت چار ملازمین اور بحریہ کا ایک جوان شہید ہوا جبکہ تین دہشتگردوں کو ہلا ک کر دیا گیا ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ حملہ کرنے والے تینوں دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے جبکہ تینوں کی لاشیں شناخت کیلئے رکھ دی گئی اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگرد مہمانوں کو یرغمال بنانے کیلئے ہوٹل میں داخل ہوئے تھے لیکن سیکیورٹی گارڈز نے مرکزی ہال میں داخل ہونے سے روکا ۔ آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے دو ، پاک فوج کے دو اور ہوٹل کے دو ملازمین زخمی بھی ہوئے جن کاعلاج جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے روکنے پر سیڑھیوں کی طرف بھاگے اور فائر کھول دیئے تاہم اطلاع ملتے ہی پاک فوج ، بحریہ کے اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد سب سے پہلے مہمانوں اور ہوٹل کے سٹاف کو بحفاظت اندر سے نکالا گیا جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو تیسرے فلور پر محصور کر لیا تھا تاہم دہشتگردوں نے چوتھے فلور پر سی سی ٹی وی کیمرے اتارے اور وہاں جانے والے راستوں پر بارودی سرنگیں بچھا دیں ، سیکیورٹی فورسز نے چوتھے فلور پر پہنچنے کیلئے خصوصی راستے بنائے ، دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور اس کے بعد بارودی سرنگیں صاف کی گئیں۔دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک بحریہ کا سپاہی عباس خان شہید ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ، یاد رہے کہ گزشتہ روز خبر تھی کہ گوادر کے فائیو اسٹار پی سی ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تین دہشت گردوں نے پرل کانٹینینٹل (پی سی) ہوٹل گوادر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش، انٹری پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پی سی ہوٹل کا سیکیورٹی گارڈ شہید ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پی سی میں موجود مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔