counter easy hit

اگست 5 کو یوم استحصال کے طورپرمنایا جائیگا، مقبوضہ کشمیر میں متنازعہ بھارتی اقدام کیخلاف عالمی برادری کو متحرک کیا جائیگا، معید یوسف

اسلام آباد(ایس ایم حسنین)بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے، طویل ترین فوجی محاصرہ اور ظلم و بربریت پر 5 اگست کویوم استحصال کے طور پر منایا جائے گااور 5 اگست کووزیراعظم عمران خان آزاد و جموں کشمیر کا دورہ کریں گے، اس دن ملک بھر میں بھارتی مظالم کی بھر پور مذمت کے لئے خصوصی تقاریب اور ریلیوں کاانعقاد کیا جائے گا،بھارتی فوجی کشمیریوں کو قتل کرنے ، پیلٹ گنز کے استعمال اور جبری گمشدگی میں ملوث ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پاکستان میں تعینات دنیا کے مختلف ممالک کے پریس قونصلرز ، اتاشیوں اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ”کشمیریوں کی امید“ کے عنوان سے انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی، ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام تقریب میں شریک تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ہماری حکومت اور وزیراعظم عمران خان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دنیا کو حقیقت کا علم ہونا چاہئے، دنیا حقیقت پر یقین رکھتی ہے، کسی بھی ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں، لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا معاملہ دنیا کے سامنے رکھا تا کہ عالمی برادری اس معاملے کو قریب سے دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کے بھارتی غیر قانونی ایکشن کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے ،ایک سال قبل مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کیا گیا ، مقبوضہ کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور ان کی نسل کشی جاری ہے ، کشمیریوں کو جیلوں میں بھیجا جارہا ہے، مصنوعی سیاسی سرگرمیاں کی جارہی ہیں تا کہ دنیا کی توجہ ہٹائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آن ریکارڈ بتایا کہ ہزاروں اضافی فوجی مقبوضہ کشمیر میں بھجوائے ہیں ،

یہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو قتل کرنے ، پیلٹ گنز کے استعمال اور جبری گمشدگی میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کورونا وائرس کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے ، عالمی برادری کو اب بیدار ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کو یوم استحصال کے طور پر منائے گی ، ایک سال قبل اس دن بھارت نے نئے مظالم اور قبضہ کا نیا طریقہ کار شروع کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ عالمی سطح پر پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے ،وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے وکیل اور سفیر بن کر دنیا میں گئے اور بتایا کہ کشمیر میں کیسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا ہندوتوا ایجنڈا یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں کو غلام بنا کر رکھیں اور پاکستان کے ساتھ بھی تناﺅ جاری رہے لیکن دو ایٹمی ممالک کے مابین ایسا ماحول امن کے لئے خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تھاجس نے باقاعدہ پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری اور جاسوسی کا اعتراف بھی کیا اس پر بھارت عالمی عدالت انصاف میں گیا لیکن انھیں وہاں سے کچھ حاصل نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری گذشتہ سات دہائیوں سے اپنے حق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ،بھارتی یکطرفہ فیصلوں ، طویل ترین فوجی محاصرے اور مظالم میں شدت کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے ، ہمت اور جدوجہد پست نہیں ہوئی وہ پہلے سے زیادہ ہمت اور بہادری سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزیاں جاری ہیں ،اس میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ریکار ڈ پر ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول کے اطراف شہری آبادی کو نشانہ بنانے والے مقامات کو غیر ملکی میڈیا اور اقوام متحدہ کے نمائندے کے لئے اوپن رکھا ہوا ہے دوسری جانب بھارت اس سے گریزاں ہے ۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں دیا ہے ، پچھلے سال 5 اگست کوبھارت کی یکطرفہ کارروائی نہ صرف غیر قانونی تھی بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 91 میں واضح طور پر کہا گیا ہے ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ وہاں کے لوگوں کی امنگوں کے عین مطابق کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں کے مطابق ہندوستان کی جانب سے کشمیر پر قبضہ غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ، بھارتی یکطرفہ فیصلے کو پاکستان اور کشمیری دونوں تسلیم نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کے حوالے سے پاکستان کا واضح اور دوٹوک موقف ہے ، بھارت کے کسی دباﺅ میں نہیں آئیں گے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website