ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے زخمی حالت میں بھی مسلسل کام کرکے مثال قائم کردی۔

اکشے کمار ان دنوں فلم’’کیسری‘‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، دوران شوٹنگ ایکشن سین کے دوران اچانک اکشے کمار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کی پسلیوں پر چوٹ آئی ہے، ڈاکٹرز نے انہیں شوٹنگ ختم کرکے آرام کرنے اور ممبئی واپس جانے کا مشورہ دیا ہے لیکن زخمی ہونے کے باوجود اکشے کمار نے شوٹنگ منسوخ کرنے سے منع کردیا اور مسلسل کام کرکے مثال قائم کردی۔
واضح رہے کہ 1897 میں سرگڑھی جنگ کے پس منظر میں بنائی گئی فلم’کیسری‘ کی کہانی برطانوی انڈین آرمی، 21 سکھوں اور افغان اورکزئی قبائلیوں کے درمیان شمال مغربی صوبے کیلئے کی جانے والی لڑائی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں اکشے کمار حوالدار ایشور سنگھ کا کردار نبھارہے ہیں جب کہ ان کے مقابل اداکارہ پرینیتی چوپڑا نظر آئیں گی۔ فلم اگلے سال ہولی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔








