کراچی: جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شہر کے کالجوں میں جاری 2 سالہ ڈگری پروگرام کے رواں سیشن کی مدت اچانک مختصر کردی اور سیشن کو 10 ماہ پر ہی ختم کرتے ہوئے ڈگری کلاسز (بی کام ریگولر اور بی ایس سی) کے امتحانات دو ماہ قبل دسمبر 2017 میں ہی لینے کا فیصلہ کیاہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سیشن میں بی کام ریگولرکے سالانہ امتحانات رواں برس ہی 24 فروری اور بی ایس سی کے 21جنوری سے شروع ہوئے تھے جبکہ بی اے ریگولر کے امتحانات 6 فروری سے شروع کیے گئے تھے، اس فیصلے سے کراچی کے کالجوں میں ڈگری کلاسز کا سیشن 10ماہ کا ہو گیا ہے تاہم سیشن مختصر کرتے ہوئے امتحانات جلد منعقدکرانے کا فیصلہ سیشن کی ابتدا کے بجائے سیشن کے آخرمیں کیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق ڈگری کلاسز کے امتحانات دوپہرکے اوقات میں ہی ہوں گے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں ڈگری کلاسز میں کالج اساتذہ پر مشتمل ٹیموں کی ویجلنس ایک بار پھر بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، یہ فیصلہ کالج پرنسپلزکی سفارش پر کیا گیا کالج اساتذہ کے ذریعے امتحانات کی ویجلنس کا سلسلہ سابق ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے دورمیں بند کر دیا گیا تھا۔








