سعودی عرب میں مسلح ڈکیتی میں ملوث گروہ کو گرفتار کرکے لوٹی گیا مال برآمد کرلیا۔

کمیٹی کو اطلاع ملی کہ ایک شخص خفیہ طور پر قیمتی جواہرات فروخت کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس پر پولیس نے اس کی نگرانی شروع کردی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش ملزم نے ڈکیتی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کر دیں، جن میں 2 مقامی ، 2 یمنی ، ایک ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی شامل ہے۔ پولیس اہلکاروں نے گروہ کے ٹھکانے پر چھا پہ مارکرمسروقہ سامان برآمد کر لیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔
دوران تفتیش ملزمان نے سابقہ کارروائیوں کا بھی اعتراف کیا اور بتایا کہ انہوں نے مقامی کمپنی کے ایک فلپائنی کارکن سے ایک لاکھ 20 ہزار ریال لوٹے تھے جس کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج ہے۔ ملزمان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقاتی ادارے کے حوالے کردیا گیا جہاں ان پر مقدمہ قائم کر کے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ریجنل پولیس کا کہنا ہے کہ مملکت میں قانون کے محافظ بیدار ہیں جو کسی بھی طرح امن عامہ کو تہہ و بالا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ مملکت میں قیام امن حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے ہمہ وقت مستعد ہیں۔








