اسلام آباد: اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،وفاقی وزیر بل منظوری کے وقت سب خاموش رہے ، اب شور مچا رہے ہیں جو سمجھ سے بالاتر ہے

پیپلز پارٹی کو پاناما کے فیصلے کے بعد خیال آیا کہ اس شق کا فائدہ نواز شریف کو نہ ہوجائے، اس لیے وہ مخالفت کر رہے ہیں۔ 17نومبر 2014 کو سب کمیٹی میں متفقہ فیصلہ ہوا تھا کہ اس شق کو ختم کر دیا جائے، اس کمیٹی میں پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں کے نمائندے بھی شامل تھے، ختم نبوت کے پیراگراف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زاہد حامد نے کہا میں چاہ رہا تھا کہ جو بل پاس ہوا اس پر اپنا موقف دیں، اپوزیشن نے اپنا موقف بیان کر دیا ، مگر ہمارے موقف دینے کی باری آئی تو احتجاج شروع کر دیا۔








