بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے لیے وزن میں کمی کرلی۔

Amir Khan has made a huge reduction in weight for his new film
عامر خان فلموں میں اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے کسی بھی حد سے گزرنے کو تیار رہتے ہیں اور بعض دفعہ اپنی جان کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ عامر خان نے اپنی فلم ’’دنگل‘‘ کے لیے وزن میں 25 کلو اضافہ کیا تھا جس کے باعث انہیں سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن پھر فلم میں نوجوانی کے کردار کے لیے وزن میں کمی بھی کی تھی جس نے سب کو حیران کردیا تھا۔
فلم ’’دنگل‘‘ میں 98 کلو وزن والے پہلوان عامر خان نے اپنی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان کے لیے وزن میں کمی کرلی ہے اور اب فلم کے لیے انہوں نے اپنا وزن 70 کلو تک کرلیا ہے۔
نئی فلم کی شوٹنگ یورپی ملک مالٹا میں جاری ہے جہاں مداحوں اور کریو کے ساتھ لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس میں عامر خان کی جسامت میں واضح کمی دیکھی جاسکتی ہے۔
فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ بھاری بجٹ والی بالی وڈ فلم ہے جس میں عامر خان ، امیتابھ بچن ، کترینہ کیف اور فاطمہ شیخ مرکزی کردار ادا کریں گی جب کہ فلم کو یش راج فلمز کے بینر تلے بنایا جائے گا۔








