ڈھاکا…… آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت، سری لنکا اور نیپال نے اپنے اپنے میچ جیت لئے، نیوزی لینڈ کو نیپال کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑے۔
سلہٹ میں کھیلے گئے گروپ ڈے کے میچ میں بھارت انڈر 19 نے آئرلینڈ انڈر 19 کو 79 رنز سے ہرایا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے، سرفراز خان 74 اور واشنگٹن سندر 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49اعشاریہ 1 اوورز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ولیم میک کلنٹوک 58 اور لورکن ٹکر 57 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ راہول بیتھم نے تین اور ماہپل لومور نے دو وکٹیں حاصل کیں۔گروپ بی کے میچ میں سری لنکا انڈر 19 نے کینیڈا انڈر 19 کو 196 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔ کپتان چاریتھ اسلانکا 76 ، شامو اشان 74 کوین باندرا 61 اور وشاد رندیکا 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کینیڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 39اعشاریہ 2 اوورز میں 119 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ارسلان خان 42 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔گروپ ڈی کے میچ میں نیپال نے نیوزی لینڈ کو 32 رنز سے ہرایا، نیپال انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے، راجو رجال 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی یوتھ ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 47اعشاریہ 1 اوورز میں 206 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گلین فلپس 52 اور ڈیل فلپس 41 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے۔ سنگھ ایری نے تین وکٹیں حاصل کیں۔