counter easy hit

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا ہائیڈل منافع کی مد میں 200 ارب روپے کا مطالبہ

Pervez Khattak

Pervez Khattak

اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس موقع پر ہائیڈل منافع اور گیس سے متعلق مسائل پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہائیڈل منافع کی مد میں وفاقی حکومت سے دو سو ارب روپے مانگ لیے۔ پرویز خٹک نے خیبرپختونخوا کو انرجی کوریڈور منصوبے میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خیبرپختونخوا کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، گیس اور دیگر معاملات پر ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو پیداوار کے مقابلے میں کم بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ بجلی کے واجبات کی ریکوری وفاقی حکومت کا کام ہے۔ بجلی اور گیس کے بقایا جات کی مد میں وفاقی حکومت کے ذمے اربوں روپے کے واجبات ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی پر کمیشن بننے سے سارے جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔