لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے خلاف نیب کے جھوٹے الزام سے نیب کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے جب کہ چیرمین نیب نوٹس لیں کن عناصر نے ان سے جھوٹے نوٹی فکیشن پر دستخط کرائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کرتاہوں، احسن اقبال والا واقعہ افسوسناک ہے اس سے دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی،ملک میں انتہاپسندی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور عمران خان ہم نوالہ اور ہم پیالہ ہیں، عمران خان نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کر دیے جب کہ کے پی میں احتساب بیورو بند پڑا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نیب کا سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے لیکن تین صوبوں میں نیب کا سورج بادلوں میں چھپا ہے، نواز شریف کے خلاف نیب کے جھوٹے الزام پر ورطہ حیرت میں ہوں، اس الزام کے بعد نیب کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ چیرمین نیب کے دستخط سے یہ نوٹی فکیشن جاری ہوا، امید ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں گے جب کہ جن عناصر نے نیب سے یہ غیر مناسب کام کرایا اس سے نیب کی ساکھ مجروح ہوئی اور جانبداری کے شکوک و شبہات کو تقویت ملی لہذا چیرمین نیب نوٹس لیں کن عناصر نے ان سے جھوٹا نوٹی فکیشن سائن کرایا۔








