لاہور: بھارت نے 23 سال سے قید سید علی بخاری نامی پاکستانی شہری کو خیر سگالی کے طور پر رہا کردیا۔
بیک ڈور ڈپلومیسی کے تحت پاکستان اور بھارت کی طرف سے سزائیں مکمل کرنے والے ایک دوسرے کے شہریوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت بھارت نے 23 سال سے قید پاکستانی شہری کو خیر سگالی طور پر رہا کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی شہری کی سزا مکمل ہوچکی تھی تاہم اب بیک ڈورڈپلومیسی کے ذریعے اس کی رہائی ممکن ہوسکی ہے، سید علی بخاری کو بھارت کی بارڈرسیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔
واضع رہے کہ پاکستان اور بھارت کی جیلوں میں دونوں ملکوں کے درجنوں ایسے شہری سزائیں مکمل ہونے کے باوجود قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں جن کی شہریت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔








