counter easy hit

دہشت گرد پاکستان اور امریکا کے مشترکہ دشمن ہیں، امریکی وزیر خارجہ

Nawaz Sharif And John Kerry

Nawaz Sharif And John Kerry

اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ملاقات کی جس میں سانحہ پشاور سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نوازشریف اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور امریکا ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے، ہم سانحہ پشاور پر امریکی صدر کے تعاون اور ہمدردی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی منڈیوں تک رسائی پاکستان کے لیے خوش آئند ہے تاہم ان منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی زیادہ سے زیادہ رسائی چاہتے ہیں جب کہ روزگار میں اضافے کے لیے امریکی سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں، وزیراعظم نے بھاشا اور داسو ڈیم میں امریکی تعاون پر بھی جان کیری کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سانحہ پشاور پر امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان اور امریکا کے مشترکہ دشمن ہیں ہم دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے جبکہ پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کو بھی مزید بڑھایا جائے گا۔