counter easy hit

معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے پشاور کے اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کا یہ واقعہ انتہائی تکلیف دہ اور قومی سانحہ ہے، دہشت گردی کا شکار ہونے والے اسکول کے بچے میرے بچے تھے اور یہ پوری قوم کا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے کے بعد وہ اسلام آباد میں نہیں رک سکتے اس لئے فوری طور پر وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ہمراہ پشاور جارہے ہیں جہاں وہ ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کریں گے۔

وزیر اعظم نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کی اس بےہیمانہ واردات کے ماسٹر مائنڈ کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بچوں کو اسکول سے بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی اسکول سانحے کے بعد اپنا دورہ کوئٹہ مختصر کرکے ہنگامی طور پر پشاور روانہ ہوگئے ہیں۔