counter easy hit

زمبابوے کے کپتان چگمبورا پر 2 ون ڈے میچز کی پابندی لگا دی گئی

Chigumbura

Chigumbura

دبئی : آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں سلو اوور ریٹ پر زمبابوے کے کپتان چگمبورا پر 2 میچوں کی پابندی عائد کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے ہر کھلاڑی پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں سلو اوور ریٹ پر زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا پر 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے لئے پابندی لگادی ہے جب کہ ہر کھلاڑی پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے فیصلہ میچ ریفری روشن مہنامہ، فیلڈ امپائر علیم ڈار، رسل ٹفن اور تھرڈ امپائر احمد شہاب کی سفارش پر کیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زمبابوے کپتان اپنے مطلوبہ وقت سے 3 اوور پیچھے تھے جس کے سبب ان پر پابندی لگائی گئی اور اس پابندی کے باعث وہ پاکستان کے خلاف بقیہ 2 میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے جب کہ چگمبورا پر پابندی لگنے کے بعد آئندہ میچوں میں ہمیلٹن مساکیڈزا زمبابوے کے لیے کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے پاکستان نے زمبابوے کو پہلے میچ میں 41 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔