counter easy hit

ضیاءالامہ فائونڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام ضیاءالامہ سنٹر بوزلے گرین میں عظیم الشان محفل پاک انعقاد

Allama Tahir Kiyani

Allama Tahir Kiyani

برمنگھم ( ایس ایم عرفان طاہر سے ) ضیاءالامہ فائونڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام ضیاء الا مہ سنٹر بو زلے گرین میں شب لیلتہ القدر کے حوالہ سے ایک عظیم الشان محفل پاک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہو ئے معروف مذہبی سکالرامام شاہد تمیز نے کہا کہ دنیا میں قیام امن ، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے حقیقی قرآنی تعلیمات کے فروغ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام امن و آشتی ، برداشت ، بردباری اور صبر کی تلقین کرتا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ایک مسلمان مومن کے لیے یہ لازم ہے کہ وہ دائرہ اسلام میں رہتے ہو ئے قرآنی تعلیمات کو پڑھنے اور اسے سمجھنے کے بعد اس پر مکمل طور پر عمل پیرا بھی ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے دین کا بہتر تعارف پیش کرنے اور دوسرے مذاہب کی طرف سے اٹھنے والے اعتراضات اور تنقید کا جواب پر امن طور پر قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھال کر دینا ہو گا ۔انہو ں نے کہاکہ خوش نصیب ہیں وہ والدین جن کے دنیا سے جا نے کے بعد انکی اولاد معاشرے میں نیک نامی اور عزت کا باعث بنتی ہے۔

ڈاکٹر علامہ فضل حنان نے کہا کہ قرآن پاک پڑھنا اور اسے سننا سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ انہو ں نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کی تبلیغ و ترویج رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور انکے صحابہ اکرام کے بعد ہما ری اولین ذمہ داری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے کو پر امن اور کامیاب بنا نے کے لیے قرآن و سنت کو عام کرنا ہو گا ۔ انہو ں نے کہاکہ شب قدر میں قرآن پاک کا نزول ہوا اور یہ رات ہزار مہینوں کی راتوں سے زیادہ افضل اور بہتر ہے۔

انہوں نے کہاکہ شب قدر کو قدر و منزلت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت کی وجہ سے نصیب ہوئی اس لیے ہمیں اگر دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کی ضرورت ہے تو اللہ رب العزت اور اسکے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات اور اصولوں کی روشنی میں زندگی بسر کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ اپنے بچوں کو بری صحت ، منشیات ، جرائم اور دیگر برائیوں سے محفوظ بنا نے کے لیے ان کے دلوں میں قرآ ن اور صاحب قرآن کی قدر ڈالنا ہو گی ۔ انہو ں نے کہاکہ اس ما در پدر آزاد معاشرے میں اپنی نسلوں کے سنوارنے اور انکے روشن و دیرپا مستقبل کے لیے ان کا رشتہ قرآن و سنت سے مضبوط بنانا ہوگا ۔انہو ں نے کہاکہ ہما ری زندگی کے تمام مسائل ، مشکلا ت ، مصائب اور پر یشانیوں کا حل قرآن کے اندر موجود ہے لیکن اسے سیکھنے کے لیے انتہائی تدبر و تفکر کی ضرورت ہے۔

لیکچرر حسنات کالج برمنگھم علامہ طا ہر کیا نی نے کہاکہ قرآن پاک سے نسبت اور وابستگی با عث عزت و تکریم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک درحقیقت ایک مسلمان مومن کے لیے ٹریننگ کا مہینہ ہے اس مقدس ماہ کے احترام میں انسان برائیوں سے بچتا اور نیکی کی طرف خو د کو راغب کرنے کی کوشش کرتا ہے یہی ڈگر پورے سال کے لیے اپنا لی جا ئے تو دنیا و آخرت کی کامیابی سمیٹنے کے لیے کافی ہے ۔ اس روحانی و مذہبی محفل پاک میں محمد طفیل، محمد صدیق ، ماجد حسین ، قمر خلیل ، منا ظر ، محمد علی اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

محفل پاک کے اختتام پر نما ز تراویح میں ختم قرآن پر ڈاکٹر علامہ فضل حنان کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اس موقع پر امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیر، فلسطین ،برما،شام، افغانستان ، عراق اور پوری دنیا میں قیام امن کے لیے خصوصی دعا ئیں بھی کی گئیں۔