counter easy hit

دنیا ،پاکستان اور سندھ کے لئے خطرات

World, threats to Pakistan and Sindh by G N Mughal on 11 nov 2016

World, threats to Pakistan and Sindh by G N Mughal on 11 nov 2016

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے بارے میں امریکہ کے اکثر تجزیوں کے برعکس ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں، نہ فقط امریکی تجزیہ کاروں کی اکثریت بلکہ خاص طور پر پاکستان کے تجزیہ کاروں کی اکثریت ان صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن کی کامیابی کی پیش گوئی کرتی رہی، مگر جب ان چینلز پر ہیلری کلنٹن کی تقریریں اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریروں اور ان پر خود امریکہ سے ہونے والے تجزیے دیکھتا اور سنتا تھا تو پتہ نہیں مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید ہیلری کلنٹن کی بجائے ڈونلڈ ٹرمپ جیت جائے۔ان صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن کیسے ہار گئیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کیسے جیت گئے؟سچی بات یہ ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات پر پاکستان کے ٹی وی چینلز پر تجزیات سننے کے بعد ایک مرحلے پر میری یہ رائے بنی کہ ہیلری کلنٹن کی بجائے ڈونلڈ ٹرمپ جیت جائیں گے، میری یہ رائے کیوں بنی، اس کے کچھ ٹھوس اسباب تھے، اس سے پہلے کہ میں ان ’’اسباب،، کا ذکر کروں میں اس بات کی طرف توجہ مبذول کرانا چاہوں گا کہ گزشتہ دو تین دنوں سے ہمارے چینلز یہ خبر نشر کرتے رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریروں میں مسلمانوں کے خلاف جذبات کا اظہار کیا ہے لہذامجموعی طور پر امریکہ کے مسلمان ووٹر اور خاص طور پر پاکستانی ووٹر بڑے پرجوش انداز میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت اور ہیلری کلنٹن کی حمایت کررہے تھے مگر گزشتہ رات ایک پاکستانی چینل پریہ بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خاص طور پر پاکستان کے خلاف جذبات کا اظہار کیا ہےاور مبینہ طور پر یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ’’ہندوستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کریں گے،، اس چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے پاکستانی ووٹرز ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کے سلسلے میں کافی مستعد نظر آرہے تھے جبکہ اس کے برعکس ہندوستان کے (غیر مسلم) ہندوستانی جو امریکہ میں رہتے ہیں اور ووٹ کا حق رکھتے ہیں وہ ٹرمپ کو جتوانے کے لئے پر جوش تھے۔ہیلری کلنٹن کے بجائے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کی اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ اسٹیبلشمنٹ اپنا کھیل فقط پاکستان میں نہیں کھیلتی بلکہ دنیا کے اکثر ملکوں اور خاص طور پر امریکہ میں اسٹیبلشمنٹ مختلف مواقع پر اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے، یہ بھی اب کوئی راز کی بات نہیں رہی کہ امریکہ کے ایک سابق صدر جان ایف کینیڈی کے قتل میں امریکی اسٹیبلشمنٹ کا کہیں نہ کہیں کوئی ہاتھ تھا، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس وجہ سے بھی جیت گئے کہ انہیں امریکہ کے بڑے بڑے سرمایہ داروں کی حمایت حاصل تھی، ان کے جیتنے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ انہوں نے امریکہ میں موجود غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکی گورے، امریکہ میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی بڑے پیمانے پر آمد کے سخت خلاف ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان غیر ملکیوں کی وجہ سے ان کے لئے متعدد مسائل پید اہوتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک خاص اعلان کیا کہ امریکہ کے فلاں علاقے کے باشندوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اس علاقے میں قریب کی ریاست سے آنے والوں کو روکنے کے لئے اس علاقے اور اس ریاست کے درمیان دیوار بنائیں گے۔ میرے خیال میں ان کے اس اعلان کی وجہ سے بھی ان کو بڑی حمایت حاصل ہوئی کہ مزدوروں، غریب لوگوں اور نچلے طبقے کے لوگوں کو بے پناہ مراعات دی جائیں گی، وہ اب امریکہ کے صدر منتخب ہوگئے ہیں اور اس وقت ساری دنیا کی نظریں ان پر لگی ہوئی ہیں۔ میری رائے یہ ہے کہ شروع دن سے امریکہ کی پالیسیاں باقی دنیا اور خاص طور پر تیسری دنیا کے لئے بہت ہی خطرناک رہی ہیں، اس ملک کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ تیسری دنیا کے غریب ملکوں کو معاشی طور پر اور دفاعی نقطہ نگاہ سے اپنا غلام بناکر رکھے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی مثال دی جاسکتی ہے جسے کبھی سیٹو تو کبھی سینٹو کے دفاعی معاہدوں میں باندھ کر رکھا گیا ہے، یہ حال دنیا کے اکثر ملکوں کا بھی کیا گیا جن میں عراق، سعودی عرب، ایران وغیرہ کی مثالیں دی جاسکتی ہیں، امریکہ نے روس کو قبول نہیں کیا، امریکہ تب تک مطمئن نہیں ہوا جب تک روس کے حصے بخرے نہ ہوگئے اور دنیا ایک بار پھر یونی پولر بن گئی، یہی وجہ ہے کہ امریکہ کو چین کی ابھرتی ہوئی قوت بھی قبول نہیں ہے، ہم چین اور پاکستان کے حوالے سے بعد میں بات کرتے ہیں، فی الحال ٹرمپ کی کامیابی پر جرمنی اور فرانس نے جو تبصرے کیے ہیں وہ کافی اہم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جرمنی کی حکومت نے ٹرمپ کے منتخب ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹرمپ کا کامیاب ہونا 9/11 کے واقعہ سے بھی زیادہ خطرناک ہے،،۔ جرمنی میں سروے کرنے والی ایک کمپنی نے انتخابات کے نتائج سے پہلے انتباہ کیا تھا کہ اگر ٹرمپ کامیاب ہوگئے تو جرمنی کے 70 فیصد عوام کے لئے یہ ایک بڑا دھچکا ہوگا، اسی طرح فرانس کی حکومت نے ٹرمپ کی کامیابی پر کہا کہ ٹرمپ کی کامیابی یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی سے بھی بڑا دھچکا ہے۔ میرے خیال میں ٹرمپ کے امریکہ کے صدر بننے سے سب سے زیادہ خطرہ چین، پاکستان اور سندھ کے لئے پیدا ہوگئے ہیں، خاص طور پر پاکستان چین راہداری کا منصوبہ شاید ٹرمپ کا پہلا ٹارگٹ ہو۔ کچھ حلقے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لئے شاید سب سے پہلے سندھ کو ٹارگٹ بنایا جائے، اس بات کوبھی رد نہیں کیا جاسکتا کہ پہلے مرحلے میں سندھ اور اس کے بڑے شہر کراچی میں ایک خونخوار خانہ جنگی شروع کی جائے۔ کچھ حلقوں نے یہاں تک نشاندہی کی ہے کہ ٹرمپ کا امریکہ، ہندوستان، افغانستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں اور خاص طور پر کراچی میں سرگرم دہشت گردوں پر مشتمل ایک انتہائی خونخوار اور خطرناک طوفان پاکستان کی طرف اٹھتا نظر آرہا ہے جس کی پہلی یلغار شاید سندھ پر ہو؟

بشکریہ جنگ

 

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website