counter easy hit

کیا آپ یہ خط جنت میں لے جائیں گے؟ 7سالہ بچے کے خط کا ایسا انوکھا جواب کہ سب کی آنکھیں نم ہوگئیں

ایڈنبرا(ویب ڈیسک) آج بھی زمین پر انسانیت موجود ہے اسی لیے یہ کائنات چل رہی ہے کہیں نا کہیں کوئی کسی کی مدد کر رہا ہے۔ سکاٹ لینڈ کے ایک 7سالہ بچے کے متوفی باپ کی سالگرہ آئی تو بچے نے اس کو سالگرہ کا کارڈ اور ایک خط ارسال کر دیا، جس کا آگے سے ایسا جواب آیا کہ سن کر آپ کی آنکھیں بھی نم ہو جائیں گی۔ دی مرر کے مطابق جیس ہائنڈمین نامی بچے نے سالگرہ کا کارڈ اور خط لفافے میں ڈالا اور اس کے اوپر لکھ دیا”مسٹر پوسٹ مین، کیا آپ اسے جنت میں لیجا سکتے ہیں، آج ان کی سالگرہ ہے۔ شکریہ۔“برطانیہ کا محکمہ ڈاک ’رائل میل‘ بچے کے اس خط کو نظرانداز نہ کر سکا اور اس کا جواب لکھنے کا فیصلہ کیا۔ رائل میل کی طرف سے جوابی خط میں بچے کو لکھا گیا کہ ”ہم جنت میں آپ کے باپ تک آپ کا خط پہنچانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ جنت کے راستے میں آنے والے ستاروں اور دیگر فلکی اجزاءسے بچ کر گزرنا ہمارے لیے ایک مشکل چیلنج تھا۔تاہم آپ یقین رکھیں کہ یہ انتہائی اہم خط آپ کے باپ کو ڈلیور کر دیا گیا ہے۔رائل میل کی ترجیح ہوتی ہے کہ وہ اپنے کسٹمرز کے خطوط کو بحفاظت ڈلیور کرے اور ہم جانتے ہیں کہ آپ کالکھا ہوا خط آپ کے لیے کتنی اہمیت رکھتا تھا۔ “جیس کی ماں نے اس کے لکھے ہوئے خط اور رائل میل کے جواب کی تصاویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہیں اور ساتھ لکھا ہے کہ ”آج میرا انسانیت پر اعتبار اور بھی پختہ ہو گیا۔ رائل میل کی طرف سے یہ جواب پا کر میرا بیٹا اتنا خوش ہے کہ زندگی میں پہلے اتنا خوش کبھی نہیں ہوا۔ رائل میل کا عملہ اس خط کو نظرانداز کر سکتا تھا لیکن انہوں نے جواب دینا بہتر سمجھا ۔ میں اس پر ان کی بے حد مشکور ہوں۔“