counter easy hit

عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آجاؤں گا، پرویز مشرف

کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آ جاؤں گا۔

Will return to Pakistan efore the general elections, Pervez Musharrafسابق صدر پرویز مشرف نے گزشتہ روز اے پی ایم ایل سندھ ساؤتھ ریجن کے تحت زینت اسکوائر ایف سی ایریا لیاقت آباد میں پارٹی کے ضلع وسطی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آ جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان لوٹنے والوں ، چوروں اور لٹیروں کو ملکی سیاست سے نکال دیں گے۔ ضلع وسطی میں جلسے کے علاوہ کراچی کے تمام علاقوں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم، پی ایس پی، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (فنکشنل) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ایک ہزار سے زائد کارکنوں نے اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دفتر کا افتتاح کیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ آج مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ ضلع وسطی میں اے پی ایم ایل کا دفتر کھلا ہے۔ آج اے پی ایم ایل کا لیاقت آباد میں عوامی اجتماع منعقد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی ایک صوبے تک محدود نہیں بلکہ ایک قومی جماعت ہے۔ آج ہم نے ضلع وسطی میں سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے۔ میں ملک سے باہر ہوں لیکن جلد آپ کے درمیان ہوں گا۔