counter easy hit

ن لیگ چوہدری نثار کے مقابلے میں اپنا امیدوار کیوں کھڑا نہیں کر رہی؟

اسلام آباد: معروف سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی اخلاقی فتح ہوئی ہے اور شہباز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے نواز شریف کو لندن میں یہ تجویز بھجوائی ہے کہ چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں امیدوار نہ کھڑا کیا جائے کیونکہ وہ ہار جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے تھے کہ میری لڑائی خلائی مخلوق، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کیساتھ ہے اور میں نظریاتی سیاست کر رہا ہوں جبکہ چوہدری نثار کہہ رہے تھے کہ آپ کا بیانیہ غلط ہے اور آپ غلط راستے پر جا رہے ہیں۔

اب شہباز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے نواز شریف کو لندن میں تجویز بھجوائی ہے کہ چوہدری نثار کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کو اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرنا چاہئے کیونکہ وہ ہار جائے گا اور اگر وہ ہار گیا تو پارٹی کو شرمندگی ہوگی لہٰذا ان کیخلاف امیدوار ہی کھڑا نہ کرے جبکہ ہماری چوہدری نثار کیساتھ بات چیت بھی چل رہی ہے اور اگر وہ جیت گئے تو ہمارا ساتھ دیں گے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں لگ رہا تھا کہ چوہدری نثار علی خان یوٹرن مارنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن زبان ساتھ نہیں دے رہی، دل تو ساتھ دے رہا ہے لیکن زبان ساتھ نہیں دے رہی کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ یہ جو سامنے بیٹھے ہوئے لوگ ہیں، ہو سکتا ہے ان میں سے کوئی سوال پوچھ لے حالانکہ عام طور پر آج کل ہمارے ساتھی اس طرح کے سوال پوچھتے نہیں ہیں لیکن ان کو خطرہ ہے۔

چوہدری نثار علی خان کچھ روز پہلے تک کہہ رہے تھے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کو ایکسپوز کروں گا اور اب وہ ان کی تردید کیسے کر سکتے ہیں کیونکہ وہ کھلم کھلا کہہ چکے ہیں۔ان کے پرانے ویڈیو کلپ اٹھا کر دیکھ لیں وہ عوامی سطح پر کئی بار یہ بات کہہ چکے ہیں اس لئے وہ اس کی تردید نہیں کر سکتے۔

چوہدری نثار علی خان کی اخلاقی فتح ہوئی ہے لیکن زمینی حقائق یہ ہیں کہ خلائی مخلوق اور عدلیہ کیساتھ اپنی لڑائی کہنے والے نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کے اتحادی چوہدری نثار علی خان کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ہم اسے نہیں جتوا سکتے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ کم از کم ٹیکسلا اور چکری میں نواز شریف کا بیانیہ ناکام ہو گیا ہے اور اس کا اعتراف مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کر لیا ہے کہ اللہ کے واسطے چوہدری نثار کے مقابلے میں بندہ نہ کھڑا کریں ورنہ ہم ہار جائیں گے۔