counter easy hit

قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ کیوں چھوڑنا چاہتے ہیں؟

لندن: قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر کے بارے میں گزشتہ چند مہینوں سے یہ خبر گرم ہے کہ وہ اپنے کیرئیر کوطول دینے کیلئے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ کر صرف ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

Why does the national fast bowler Mohammad Amir want to quit the Test cricket?محمد عامر بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں ٹیم انتظامیہ سے اپنی اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں مگر پاکستان کے لیجنڈ فاسٹ باؤلر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی اور محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دی تو ہوسکتا ہے کہ انہیں پیسہ ضرور مل جائے لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا نام عظیم فاسٹ باؤلرز کی فہرست میں لانے کیلئے انہیں ٹیسٹ ریکارڈ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 414 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 502 وکٹیں حاصل کرنے والے وسیم اکرم نے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ سٹار ہے لیکن آفریدی تمام کرکٹ ون ڈے اور ٹی 20 تک محدود ہے اس لئے ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم باؤلرز کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام کبھی شامل نہیں ہوسکتا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عامر ابھی کم عمر ہے اس کا کیریئر مزید طویل ہوسکتا ہے، اس لئے انہیں ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دینی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر جب اپنا کیرئیر ختم کریں تو ان کے نام کے سامنے ڈھائی تین سو وکٹ دیکھ کر مجھے خوشی ہو گی اور اس وجہ سے انہیں بھی عظیم ترین باؤلرز کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔