counter easy hit

پاکستان اور امریکہ کے درمیان کیا ہونے جارہا ہے،

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق رابطے کے دوران افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان آئندہ چند روز میں اعلیٰ ترین سطح پر ٹیلیفونک رابطے کا امکان ہے۔ اسلام آباد کے سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آنے والے چند روز میں ٹیلیفون پر رابطہ کر سکتے ہیں جس کے دوران خطے بالخصوص افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر 5 فروری کو اپنے مجوزہ سٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے دوران طالبان کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں ہونیوالی پیشرفت اور خطے کے حوالے سے بھی اظہار خیال کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اہم اعلان بھی متوقع ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 5 فروری کو شیڈول سٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے بعد پاکستان کے وزیراعظم سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ رابطے کے دوران صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بذریعہ خط وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کیا تھا اور افغان مسئلے کے حل کیلئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے ایسے وقت میں خط تحریر کرکے دوستی کا پیغام بھجوا گیا تھا جب کچھ روز قبل ہی دونوں رہنماؤں کے درمیان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس دوران ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے امریکی صدر کو تمام تاریخی حقائق سے آگاہ کیا تھا۔