counter easy hit

لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ’’توصیف افضل‘‘ کے والد کیا کرتے ہیں؟

لاہور: میٹرک امتحانات 2018ء کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور بورڈ میں پہلی دو پوزیشنیں حاصل کرنے والوں میں سے ایک یتیم جبکہ دوسرا گوشت فروش کا بیٹا ہے۔ لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے علی پبلک بوائز ہائی سکول رحمان پورہ کے طالبعلم توصیف افضل نے 1091 نمبر حاصل کیے۔توصیف افضل کے والد محمد افضل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں گوشت فروش ہوں، میرے بیٹے نے تمام تر تعلیم اسکالر شپ حاصل کر کے مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کا پوزیشن حاصل کرنا میرے لیے باعث فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ توصیف پہلے روز سے ہی سخت محنت کا عادی ہے ۔ بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے ہر ممکن کو ششیں کروں گا۔جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور سے تعلق رکھنے والے دوسرے اول پوزیشن ہولڈر اورپنجاب دانش سکول فار بوائزکے طالبعلم وسیم یاسین کے بڑے بھائی ندیم نے کہا کہ ہمارے والد کا انتقال 11 سال قبل ہوا ،ہم چار بہنیں اور 6 بھائی ہیں،میں موٹر مکینک ہوں اور وسیم یاسین 5 ویں کلاس سے پو زیشن ہولڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی ماں کی دعاؤں کے بعد اس کی اپنی محنت کا ثمر ہے ،دانش اسکول کے باعث ہمارا بچہ اس مقام پر پہنچا ۔ سیکنڈپوزیشن ہولڈر ہاشم فیصل نے کہا کہ میں مستقبل میں ڈاکٹر بننا چا ہتا ہوں ، اسکول اور اکیڈمی میں تیاری کی۔ پوزیشن کے لیے پُر اعتماد تھا، والد پلمونالوجسٹ ہیں ۔ دوسری پوزیشن غازی آباد لاہور کی طالبہ وجیہہ اسلم نے حاصل کی۔تھرڈ پوزیشن ہولڈر قصور کی طالبہ حفصہ سلیم نے کہا کہ کامیابیوں میں والدین اور اساتذہ کی محنت اور دعائیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں سافٹ وئیر انجئینر بننے کی خواہشمند ہوں۔ محنت کر کے پو زیشن حاصل کرنا اور اس پوزیشن کو بر قرار رکھنا اصل کامیابی ہے۔ شہباز شریف کی تعلیم کے حوالے سے پالیسیوں اور اقدامات سے بے حد مطمئن ہوں۔ میرے والد موبائل فون کا کا روبار کر تے ہیں۔ یاد رہے کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں میٹرک امتحانات 2018ء میں کامیابی کا تناسب 77.6 فیصد رہا۔