counter easy hit

وزن کم کرنے کے طریقے

موٹاپے کو بیماریوں کی ماں کہا جاتا ہے اور یہ انسانی جسم کی ایک ایسی طبی حالت ہے جس میں انسانی جسم پر چربی چڑھ جاتی ہے اور انسان کا وزن زیادہ ہو جاتا ہے- تاہم متعدد افراد اپنے اضافی وزن کو کم کرنے کی خواہش تو رکھتے ہیں لیکن وہ اس کے لیے وقت نہیں نکال پاتے کیونکہ وزن کم کرنے کے لیے بعض اوقات چند وقت طلب ورزشوں کا بھی سہارا لینا پڑتا ہے- لیکن آپ انتہائی آسانی اور بغیر کسی محنت کے چند عادات کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر نہ صرف اپنے بڑھتے ہوئے وزن پر قابو پاسکتے ہیں بلکہ کسی حد تک اضافی وزن کو کم بھی کرسکتے ہیں- وہ آسان عادات کونسی ہیں؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں

رنگا رنگ ویڈیو گیم
وزن کم کرنے کا یہ طریقہ سننے میں واقعی عجیب لگتا ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ آپ مختلف رنگا رنگ ویڈیو گیمز کھیل کر بھی اپنا وزن کسی حد تک کم کرسکتے ہیں- ماہرین کے مطابق جب آپ فارغ بیٹھے ہوتے ہیں یا بوریت کا شکار ہورہے ہوتے ہیں تو آپ کا دل ایسی غذائیں کھانے کو چاہتا ہے جو کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہیں لیکن ویڈیو گیمز کھیلنے سے آپ کا دھیان ان غذاؤں کی جانب سے ہٹ جاتا ہے اور آپ اپنے وزن میں مزید اضافہ کرنے سے بچ جاتے ہیں-

پانی
اگر آپ ہمیشہ کھانا شروع کرنے سے قبل پانی پی لیں تو بھی آپ کے وزن میں مزید اضافہ نہیں ہوگا اور موجودہ وزن میں بھی کمی واقع ہوگی- جی ہاں پانی میں کیلوریز نہیں پائی جاتی اور یہ معدے میں پہنچ کر کچھ جگہ گھیر لیتا ہے- ایسی صورت میں بہت کم جگہ ہی ایسی غذاؤں کے لیے بچتی ہے جو وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہیں٬ کیونکہ آپ معدہ پہلے سے کسی حد تک بھرے ہونے کی وجہ سے کھانا اعتدال میں رہ کر کھاتے ہیں-

مائع کیلوریز
مائع کیلوریز سے دور رہنا بھی آپ کے وزن میں کمی کے حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے- سوڈا اور جوس کے بجائے پانی کا استعمال کیجیے اس طرح آپ کے جسم میں 100 کیلوریز کم ہوجائیں گی- تاہم اگر آپ کو جوس وغیرہ بہت زیادہ پسند ہیں تو ہفتے میں صرف ایک بار پیجیے اور اسے روزمرہ کی خوراک کا حصہ بنانے سے گریز کیجیے

زیادہ سونا
زیادہ سونا بھی آپ کے وزن میں کمی کے حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ نیند کی کمی آپ کی بھوک بڑھاتی ہے- اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی نیند بھرپور اور پرسکون ہو تاکہ آپ کو بھوک کا احساس بھی کم ہو اور آپ بےتحاشہ کھانا اپنے جسم میں اتارنے سے باز رہیں جو کہ عموماً بہت زیادہ کیلوریز پر مشتمل ہوتا ہے-

سلاد
آپ سلاد کا استعمال کر کے سینکڑوں کیلوریز کو اپنے جسم میں اتارنے سے محفوظ رہ سکتے ہیں- تاہم یہ خیال رکھنا ہے کہ سلاد کو مزید کسی چٹنی یا کیچپ وغیرہ کے ساتھ استعمال نہیں کرنا اور نہ ہی سلاد میں کئی ایسی اشیاﺀ شامل ہوں جو خود بےپناہ کیلوریز پر مشتمل ہوں- سلاد ہمیشہ سادہ سا کھائیں-

مصالحوں والی غذائیں
اگر آپ زیادہ مصالحوں والی غذاؤں کا استعمال کریں گے تو بعض اوقات یہ بھی وزن کم کرنے کا باعث بن جاتی ہیں- جب آپ مصالحوں کی حامل غذائیں کھاتے ہیں تو جلد ہی آپ کو اپنا پیٹ بھرا ہوا محسوس ہونے لگتا ہے اور یوں آپ کھانا چھوڑ دیتے ہیں- ان کھانوں سے آپ کا میٹابولزم تیز ہوتا ہے جس کا مطلب ہے کہ کیلوریز جلنے کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے-