counter easy hit

ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن اسلام آباد  (وی جے اے آئی) کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب میں خصوصی تقریب کا انعقاد، تقریب میں جمیعت علماء اسلام کے رہنما سینٹر طلحہ محمود سمیت نیشنل پریس کلب کے عہدیداراں و دیگر صحافتی تنظیموں کی اعلٰی قیادت کی شرکت

اسلام آباد (اصغر علی مبارک) اسلام آباد، راولپنڈی کے ویڈیو جرنلسٹس کی نمائندہ تنظیم (وی جے اے آئی) کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں (وی جے اے آئی) کی قیادت کے علاوہ نومنتخب سینیٹر طلحہ محمود ، صدر نیشنل پریس کلب طارق چودھری، سیکٹری نیشنل پریس کلب شکیل انجم، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر پی ایف یو جے (دستور) شرجیل انعام راؤ ، مسلم لیگ (ن) کے عمران حیدر نقوی  نے شرکت کی۔ تقریب میں (وی جے اے آئی) کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حالات چاہے کچھ بھی ہوں وہ اپنی تنظیم کی بہتری کے لئے ہروقت کوشاں رہینگے۔ (وی جے اے آئی) کی سینئر قیادت عرفان ہاشمی، فردوس نظامی، آصف عبداللہ ، کاشف عباسی، علی اعظم بخاری، شبیر احمد ڈار اور آر آئی یو جے کے نومنتخب جوائنٹ سیکٹری شیراز گردیزی نے اظہار خیال کیا اور موجودہ منتخب باڈی کے کام کو سراہا۔ تقریب میں ویل چئیر پہ آنے والے ویڈیو جرنلسٹ اورم روشن کی ہمت اور حوصلے کو تمام مقررین نے سراہا اور تقریب میں موجود حاضرین نے کھڑے ہوکر اورم روشن کے لئے تالیاں بجائیں۔سیکٹری نیشنل پریس کلب شکیل انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ویڈیو جرنلسٹ ایسو سی ایشن کا موجودہ کردار قابل تحسین ہے اور وہ نیشنل پریس کلب کی سطح پہ تنظیم کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ شکیل انجم کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی آج کی تقریب سے بہت متاثر ہوئے اور وہ پُر امید ہے کہ یہ تنظیم اپنی کامیابیوں کا سفر اسی طرح جاری رکھے گی۔ ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے پی ایف یو جے (دستور) کے صدر شرجیل انعام راؤ نے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی فلاح اور مدد کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔تقریب سے خطاب کے دوران صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے اپنے خطاب میں (وی جے اے آئی) کی منتخب باڈی کو تقریب کے بہترین انعقاد پہ مبارک باد دی اور اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ افضل بٹ نے ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کو نو اپریل کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ویڈیو جرنلسٹس سمیت تمام الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کو تیز کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نو اپریل کو پارلیمینٹ کے سامنے صحافیوں کے حقوق کے لئے تاریخ ساز احتجاج کیا جائے گا۔نیشنل پریس کلب کے صدر طارق چودھری نے اپنے اظہار خیال میں ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کو تقریب کے کامیاب انعقاد پر جہاں مبارک باد پیش کی وہیں انہوں نے ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے مسائل کا بھی ذکر کیا۔ طارق چودھری نے ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے کام کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔ صدر ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن شاہین گردیزی نے اپنے خطاب کے دوران ممبران اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ایک سالہ کارکردگی پہ روشنی ڈالی۔ شاہین گردیزی نے کہا کہ انکی کوشش رہی کہ ایک سال کے اندر وہ تنظیم کو فعال کرکے براہ راست ممبران کو فائدہ پہنچائیں۔ شاہین گردیزی نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمنان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وی جے اے آئی کی تاریخ میں ایسا کام کبھی نہیں ہوا۔ویڈہو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی تقریب کے مہمان خصوصی جے یو آئی کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا انتہائی مشکور ہوں جو مجھے یاد رکھتے ہیں،آپ میرے لیے نہایت قابل احترام ہیں، طلحہ محمود نے کہا کہ آپ لوگوں کا ایک کردار ہے، آپ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں آپ پاکستانی قوم کی آنکھیں اور کان ہیں۔ آپ کی وجہ سے ساری چیز سارا نقشہ سامنے آتا ہے،پاکستان میں تبدیلی آ رہی ہے اس میں آپ کا کردار ہے، طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ چاہے زلزلہ ہو طوفان ہو آپ لوگ کیمرہ لے کر پہنچ جاتے ہیں اور حقیقت کو سامنے لاتے ہیں۔ اپنی جان کو مشکل میں ڈال کر اصل دکھاتے ہیں۔ مجھ سے جتنا ممکن ہوا میں آپ کے لیے حاضر ہوں۔ جو حقوق ہماری قوم کو ملنے چاہیے افسوس کے ساتھ آج وہ سڑکوں پر نکل کر لڑ کر لیتے ہیں۔ بنیادی چیزیں تو ہر گھر کی دہلیز پر ملنے چاہییں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس دھرتی کو بے حد نوازا ہے، وسائل سے مالا مال ملک ہے بد قسمتی سے ہمارے فیصلوں سے ہم کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ آج ملک میں انرجی کا بحران ہے یہ المیہ ہے۔ ہماری پالیسی یہ ہے کہ آپس میں لڑانا جھگڑنا ہے یہ سب کچھ چھوڑ کر ایک ہونا ہوگا مل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔مثبت سوچ کے ساتھ چلنا ہوگا مجھے امید ہے کہ ملک میں بہتری آئے گی۔ اس بہتری میں میڈیا کا کردار اہم اور واضح ہو گا۔ میڈیا کے دوست کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، یہ نہایت افسوس ناک بات ہے۔ یہ اخلاقی اور شرعی طور پر بھی جائز نہیں ہے۔ تقریب میں مسلم لیگ ن کے سید عمران حیدر نقوی، شرجیل انعام راؤ اور سینیٹر طلحہ محمود نے مختلف مد میں نقد رقوم کا اعلان کیا جبکہ تقریب کے اختتام میں جمیعت علماء اسلام کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود نے ویڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ممبران میں میڈیا جیکٹس تقسیم کی۔