الریاض / واشنگٹن: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدسمنتقلی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عالم اسلام کے لیے اشتعال انگیز ہے اور اس سے خطے میںکشیدگی بڑھے گی۔

شاہ سلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح کیا کہ فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کی حمایت سعودی عرب کی مستقل پالیسی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ سعودی عرب کے نزدیک امریکا کا یہ اقدام ان بین الاقوامی قراردادوں کے خلاف ہوگا جن میں بیت المقدس پر فلسطینی قوم کے حق کی توثیق کی گئی ہے اور اس حق کو کسی طور نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور وہاں امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے لئے مسلم اور مختلف عالمی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے تاہم انھیں سخت عالمی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔








