counter easy hit

عادلانہ معاشرے کی تشکیل کے لئے سب کا احتساب ضروری ہے، شہبازشریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور: پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم عادلانہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے اس لیے سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کی طالبات سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبے ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور ہمیں مل کر اسے سنوارنا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم عادلانہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے۔

اس لیے سب کا احتساب ہونا چاہیئے، ہم سے پیچھے رہنے والے کئی ممالک آگے نکل گئے ہیں ،68 برس کے دوران یہاں ادارے نہیں بن سکے تاہم بدقسمتی سے 68 برس کے دوران پاکستان ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکا۔ بلوچستان کے طلبا ء و طالبات کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اپنی ٹیم جلد بلوچستان بھجوائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے 40 طالبات اور2 ٹیچرزکو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔

اس سے قبل کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل محمد صادق نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور پاک افواج کے پیشہ ورانہ اموراورپنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ 18 کروڑ عوام کی آواز ہے،پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا مشن پورا کریں گے۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے گئے موثر اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، پاک افواج کے افسروں اور جوانو ں نے بہادری اور جرأت کی نئی داستانیں رقم کی ہیں۔