counter easy hit

واٹر کمیشن نے صنعتوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ لگانے پر جواب طلب کر لیا

کراچی:  پانی،صحت اور صفائی سے متعلق سپریم کورٹ کے قائم کردہ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے حکام سے نالوں کی صفائی اور صنعتوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب سے متعلق  رپورٹ طلب کرلی، کمیشن سربراہ نے حکم دیا کہ نالوں کے جو منصوبے کے ڈی اے کے پاس تھے وہ سندھ حکومت کو دیے جائیں۔

The water commission asked the answer on not putting the treatment plant in industriesکمیشن نے میئر کراچی کو نالوں کی صفائی فی الفور شروع کرنے کا حکم  دے دیا، کمیشن سربراہ نے استفسار کیا کہ نہرخیام کے ساتھ سڑک اب تک تعمیر کیوں نہیں ہوئی ایک ماہ سے بیوقوف بنایا جارہا ہے آپ کوسڑک سے زیادہ نہر خیام میں دلچسپی ہے، پچر نالے کے کنارے کچرے کے ڈھیر لگے ہیں، نالوں پر مارکٹیں بن گئیں سرکاری افسران سورہے تھے، زیر زمین پانی کوئی بھی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کرسکتا، کمیشن سربراہ نے حیدرآباد کی تمام ہاؤسنگ اسکیموں کے اجازت نامے منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہاؤسنگ اسکیموں کو سوک اداروں کے اجازت نامے سے مشروط کردیا کمیشن سربراہ نے سوک اداروں کے اجازت نامے کے بغیر شروع کی گئیں ہاؤسنگ اسکیموں پر کام روکنے کا بھی حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں واٹر کمیشن کی کارروائی ہوئی کمیشن سربراہ نے استفسار کیا کہ نہرخیام کے ساتھ والی سڑک کی تعمیر کا کیا ہوا؟ میئر کراچی نے بتایا  واٹر بورڈز کی نئی لائن ڈالی جائے گی ہم انتظار کررہے ہیں نئی لائن میں کچھ رکاوٹیں ہیں ٹینڈر جاری کرنا پڑے گا چیف انجینئر نے بتایا جلد ہی ٹینڈر کردیں گے کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ آپ ایک ماہ سے بیوقوف بنارہے ہیں آپ کو اس سڑک سے زیادہ نہر خیام میں دلچسپی ہے سیکریٹری بلدیات نے موقف اپنایا کہ میئر کراچی نے کہا تھا انھیں سڑک بنانے سے روکا جارہا ہے کمیشن کے حکم پر ہم نے سڑک بنانے کی اجازت دی اور رکاوٹیں ختم کیں کمیشن نے ریمارکس دیے کہ ایک غیر سرکاری تنظیم نے بیوٹی فکیشن اور سیوریج کے کام کا وعدہ کیا تھا اگر بلدیہ عظمیٰ کراچی یہ کام کردے تو این جی او کے لیے کیا کام رہ جائے گا؟

کراچی کے نالوں کی صفائی سے متعلق کمیشن سربراہ کو چیف سیکریٹری نے بتایا کے ایم سی کو500 ملین روپے کل تک فراہم کردیں گے گجر نالے سمیت دیگر منصوبے کے ایم سی کو منتقل کررہے ہیں کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ نالوں کے جو منصوبے کے ڈی اے کے پاس تھے وہ سندھ حکومت کو دیے جائیں کمیشن سربراہ نے میئر کراچی کو نالوں کی صفائی فی الفور شروع کرنے کا حکم دے دیا نالوں کی صفائی مکمل نہ ہونے پر کمیشن سربراہ نے برہمی کا اظہار کیا جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ ہم معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے نیسپاک سے کام کا معیار چیک کرائیں گے کمیشن نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 2 سال میں پی سی ٹو نہیں بنایا پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ پچر نالے کی لمبائی 12 ہزار فٹ ہے جس میں 6 ہزار فٹ پر تجاوزات ہیں کمیشن نے ریمارکس دیے اگر تجاوزات تھیں تو آپ کو ختم کرنا چاہیے تھیں ۔

ہم نالے کے ساتھ ساتھ پیدل چلے ہیں جو عزت وہاں مل رہی تھی ناقابل بیان ہے گندگی کے ڈھیروں کے علاوہ وہاں کچھ نہ تھا  کمیشن سربراہ نے میئر سے مکالمے میں کہا کہ میئر صاحب اگر یہ صفائی ہے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے کمیشن سربراہ نے استفسار کیا کہ بتائیں یہ کاغذات ٹھیک ہیں یا ہمارا مشاہدہ؟ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ شہری مسلسل نالے میں کچرا پھینک رہے ہیں اس لیے گندگی ہے کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ اگر یہی حال ہے تو کروڑوں روپے خرچ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟  جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے اگر یہ مستقل عذاب ہے تو چھوڑدیں، شہریوں کو اسی حال میں، نالوں پر مارکٹیں بن گئیں سرکاری افسران سورہے تھے؟ کمیشن سربراہ نے ڈائریکٹر کے ایم سی کی سرزنش کردی کمیشن سربراہ نے استفسار کیا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر ظفر بلوچ کو طلب کیا تھا پیش کیوں نہیں ہوئے؟

ڈائریکٹر کے ایم سی نے بتایا پروجیکٹ ڈائریکٹر ظفر بلوچ چھٹی پر ہیں جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ میئر صاحب آپ کے افسر کمیشن کے سامنے سچ نہیں بولتے ڈائریکٹر کے ایم سی نے بتایا کہ 6000 فٹ نالوں کی صفائی کے لیے 306 ملین فنڈز جاری کیے گئے 5600 فٹ نالوں کی صفائی مکمل کرلی ہے کمیشن نے ریمارکس دیے آپ کاغذوں کی بات کررہے ہیں ہم آنکھوں سے دیکھ کرآئے ہیں کہیں صفائی نہیں ہوئی پروجیکٹ ڈائریکٹر کو بلائیں مئیر کراچی کو ساتھ لے کرجائیں گے اور نالوں کا خود جائزہ لیں گے، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ سائٹ ایریا میں پانی چوری روکنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں ہمیں مزاحمت کا سامنا ہے کل بھی مقدمہ درج کرایا ہے کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے زیر زمین پانی کوئی بھی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کرسکتا مجاہد بلوچ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا یومیہ 5 لاکھ گیلن پانی چوری کیا جارہا ہے ہے کنویں کے نام پر میٹھا پانی چوری کیا جارہا ہے سیکریٹری بلدیات نے  اعتراف کیا ٹھیک کہہ رہے ہیں۔

بڑے پیمانے پر پانی چوری ہورہا ہے سیکریٹری بلدیات نے بتایا کہ زیر زمین پانی نکالنے کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے درخواست گزار نے موقف اختیار کیا پانی چوری میں پولیس اور کئی ادارے ملے ہوئے ہیں، صنعتوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹس نہ لگانے پر کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا، کمیشن نے ریمارکس دیے کہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ صنعتکار صرف پیسہ کمائیں اور ماحولیات کے لیے کچھ نہ کریں  کمیشن سربراہ نے وکیل کو ہدایت کی کہ قانون پر عمل کرنا ہوگا صنعت کاروں کو واضح پیغام پہنچادیں کمیشن نے ریمارکس دیے اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اچھی طرح سمجھ لیں ایک انسان کی زندگی بھی بچا لوں تو شاید اللہ نیکی قبول کرلے جہاں سے گندا پانی بہہ رہا ہے۔

وہاں آپ کے صنعتکار کھڑے بھی نہیں ہوسکتے اچھی طرح سن لیں فیکٹریوں کا گند باہر نہیں آنا چاہیے  سائٹ ایسوسی ایشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کمیشن کے حکم پر عمل کے لیے تیار ہیں جلد اجلاس ہوگا جس میں معاملات طے کریں گے کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے ہمیں آپ کی میٹنگ سے کچھ نہیں لینا عملدرآمد کریں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں سائٹ ایسوسی ایشن کے وکیل نے موقف اپنایا ہماری اخلاقی ذمے داری بھی ہے ہم عمل درآمد کریں گے کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ اگر ذمے داری کا احساس ہوتا تو اب تک کام ہوچکا ہوتا ، کمیشن سربراہ نے حیدرآباد کی تمام رہائشی منصوبوں (ہاؤسنگ اسکیموں) کے اجازت نامے منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ۔

کمیشن نے تمام ہاؤسنگ اسکیموں کو سوک اداروں کے اجازت نامے سے مشروط کردیا کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ سوک اداروں کے اجازت نامے کے بغیر شروع کی گئی ہاؤسنگ اسکیموں پر کام روک دیا جائے کمیشن سربراہ سابق سیکریٹری بلدیات بدر جمیل میندھرو پر برہم ہوتے ہوئے کہا آپ نے ایسا کون سا کارنامہ انجام دیا کہ آپ کو ادارہ ترقیات حیدرآباد (ایچ ڈی اے) کا ایڈیشنل چارج دیا گیا یہ ہے آپ کی ٹاؤن پلاننگ کی کارکردگی، غلط لے آؤٹ پلان پیش کرنے پر کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا کمیشن نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سے مکالمے میں کہا کہ آپ نے یہ سارا منہ کالا کیا ہے؟ کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے عبداللہ بلڈر کون ہے؟ اتنا بااثر ہے کہ اسے غیرقانونی منظوری دے دی گئی کمیشن سربراہ نے ریمارکس میں کہا کہ ایسے افسران کو برطرف ہونا چاہے ان افسران کی مہربانی سے اندرون سندھ تباہ ہوگیا کمیشن نے چیف سیکریٹری اور متعلقہ حکام سے نالوں کی صفائی اور صنعتوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب سے متعلق 23 اپریل تک رپورٹ طلب کرلی۔