counter easy hit

انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال بیماری کا خطرہ

ہماری زندگی میں انٹرنیٹ کا عمل دخل روز بروز بڑھتا ہی جارہا ہے اور ہم گھنٹوں اس کے ساتھ چپکے رہتے ہیں- لیکن ہمیں یقین ہے کہ سائنسدانوں کی جانب سے کیے جانے والے والے ایک چونکا دینے والے انکشاف کے بارے میں جان کر آپ ضرور انٹرنیٹ کے استعمال کے دورانیے کو کم کردیں گے جو آپ کو ایک خطرناک بیماری کا شکار بنا سکتا ہے-

جی ہاں حال ہی میں سوان سی اور میلان یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک تحقیق کے بعد یہ انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیٹ کا کئی گھنٹوں تک استعمال انسان کے مدافعتی نظام کو کمزور بنا سکتا ہے جس کے بعد کئی بیماریاں باآسانی انسان پر حملہ آور ہوسکتی ہیں-

ماہرین کا کہنا ہے کہ مدافعتی نظام کمزور ہونے کی صورت میں انسان کی صحت کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں اور کم از کم نزلہ و زکام کا شکار تو آسانی سے بن جاتا ہے-

ماہرین کی جانب سے یہ تحقیق 18 سال سے لے کر 101 سال کی عمر کے افراد پر کی گئی ہے- تحقیق میں شامل 500 افراد کی زندگی میں انٹرنیٹ کے استعمال کے دورانیے اور ان کی طبی حالت کو جانچا گیا-

ماہرین کے 40 فیصد افراد انٹرنیٹ کے نشے کی حد تک عادی تھے اور ان افراد میں بیماریوں کی شرح گروپ میں موجود دیگر افراد کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ پائی گئی تھی۔

مذکورہ 40 فیصد افراد روزانہ اوسطاً 10 گھنٹے انٹرنیٹ ضرور استعمال کرتے تھے اور اسی عادت نے ان کا مدافعتی نظام کمزور کردیا ہے-

ماہرین کا کہنا ہے کہ “ یہ لوگ انٹرنیٹ سے دوری اختیار کرتے ہیں تو ذہنی دباؤ کا شکار بن جاتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی جسم میں پائے جانے والے ہارمون کورٹیسول کی شرح میں اضافہ ہوجاتا ہے- ہارمونز میں رونما ہونے والی یہی تبدیلی مدافعتی نظام کو کمزور کرنے کا باعث بنتی ہے اور انسان مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار بن جاتا ہے-

تحقیق میں دیگر افراد کے انٹرنیٹ کے استعمال کا دورانیہ روزانہ اوسطاً 6 گھنٹے پایا گیا-