فلاڈلفیا: امریکا میں دوران پرواز طیارے کا انجن پھٹنے سے ایک مسافر ہلاک جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیویارک سے ڈلاس جانے والی ساؤتھ ویسٹ ایئر لائن کی فلائٹ 1380 کا انجن اچانک پھٹ گیا اور انجن کا ایک ٹکڑا طیارے کی کھڑکی توڑ کر خاتون مسافر کو لگا جس کے باعث خاتون مسافر کی موت واقع ہوگئی جب کے اس واقعے کے نتیجے میں سات مسافر زخمی بھی ہوئے۔ حادثے کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق خاتون مسافر طیارے کی بائیں جانب کھڑی والی نشست پر بیٹھی تھیں کہ اچانک کھڑکی پر انجن کا ایک حصہ لگا جس سے شیشہ ٹوٹ گیا اور طیارہ ہچکولے کھانے لگانا۔ امریکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی بی ایس) کے چئیرمین روبرٹ سموالٹ کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں 143 مسافروں کے علاوہ عملے کے پانچ ارکان سوار تھے انجن کے پنکھے کا ایک پر لا پتہ ہے، جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی امریکی ایئر لائن ساؤتھ ویسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) گیری کیلی کا کہنا ہے کہ معیار کو برقرار رکھنا ہماری پہلی ترجیح ہے جس کا ثبوت 51 سالہ بہترین سروس ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ ایئرلائن کی 51 سالہ تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ دوسری جانب واقعے کے بعد حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے میں 12 سے 15 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔