counter easy hit

پاکستان میں پکڑے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا

لاہور: بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پہنچادیا گیا ۔ کچھ دیر بعد ابھی نندن کو بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ واہگہ بارڈر پر انکا میڈیکل ہوگا اور مکمل ٹیسٹ ہونگے اور دستاویزات چیک کی جائیں گی پھر انہیں بھارت کے حوالے کیا جائے گا۔ بھارت کی جانب سے پرچم اتارنے کی تقریب بھی موخر کردی ہے۔ پاکستان کی حدود میں گرائے گئے بھارتی طیارے مگ 21 کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو بھارتی حکام کے حوالے کرنے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا کی بڑی تعداد بارڈر پر موجود ہے جبکہ سخت سیکیورٹی میں ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پہنچایا گیا ہے جس کی تصدیق رینجرز حکام نے بھی کر دی۔ بتایا گیا کہ نیول حکام بھی اس موقع پر موجود ہیں جبکہ پاکستانی حکام کی طرف سے بھارتی پائلٹ کا میڈیکل کیا جائے گا اور پھر وہ رپورٹ دوسری طرف موجود بھارتی حکام کے سپرد کی جائے گی۔ بھارتی ہائی کمیشن نے بھارتی پائلٹ کےسفری دستاویزات مکمل کر لیے ہیں، بھارتی ہائی کمیشن کےایئر اتاشی گروپ کیپٹن، ونگ کمانڈر ابھینندن کو اپنے ہمراہ لے جائیں گے۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بھارت اس سے زیادہ کشیدگی کو آگے نہ بڑھائے، کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔