اسلام آباد: الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات ملکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ہوں گےجن میں 15 ارب روپے تک اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مصدقہ ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ عام انتخابات (2013) میں سامنے آنیوالے نقائص اور عدالت عظمیٰ کے قائم کردہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ شفافیت لانے کے لیے ورکنگ شروع کر دی ہے جبکہ اس دوران پارلیمنٹ سے منظور ہونیوالے الیکشنز ایکٹ2017ء کے بعد اس میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے لیے 15ارب روپے کا بجٹ تجویزکیا ہے جس کے لیے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔








