counter easy hit

عمران خان کے نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے لگا، متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات آپ کا دل خوش کر دیں گی

دبئی (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے دورہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے،جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت نے دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی یو اے ای گیا۔وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔صدارتی محل پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال شیخ محمد بن زید النہیان نے کیا، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں صدارتی محل میں تقریب بھی منعقد ہوئی۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک یو اے ای تعلقات کو طویل المدتی معاشی و اسٹریٹجک تعاون میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دبئی میں وزیراعظم عمران خان کا استقبال یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔وزیراعظم نے شیخ زید مسجد اور یاد گار شہداء کا دورہ بھی کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے دوران ہونے والے مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، دونوں ممالک کی قیادت کا تاریخی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے فوری اقدام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنےکے لیے مزید اقدامات پر اتفاق کیا گیا، دونوں ملکوں کی قیادت نے دفاعی اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ پاکستان اور یو اے ای کی قیادت نے ٹریننگ، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں بھی مزید تعاون پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے امدادی پروگرام پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے امداد پر شیخ محمد بن زید النہیان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔اعلامیے کے مطابق عمران خان نے یو اے ای کی قیادت کو اپنی حکومت کی ترجیحات کے بارے بریفنگ دی اور اپنی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بھی بتایا۔پاکستان نے یو اے ای میں ایکسپو 2020 کو کامیاب کرانے کے لیے مکمل حمایت و تعاون کا یقین دلایا اور یو اے ای کو آئی ٹی پروفیشنلز اور اسکلڈ لیبر کی خدمات مہیا کرنے کی پیشکش بھی کی۔دونوں ملکوں نے لیبر سے متعلق معاملات میں مزید تعاون کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔پُرتپاک استقبال پر وزیراعظم عمران خان نے یو اے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے شیخ محمد بن زید النہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ شیخ محمد بن زیدالنہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔