counter easy hit

اسلام آباد میں ہاکی اسٹیڈیم کو منصور احمد کے نام کرنے کا فیصلہ

کراچی: پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اسلام آباد میں ہاکی اسٹیڈیم کو لیجنڈ گول کیپر منصور احمد کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

The decision of Hockey Stadium in Islamabad to name with Mansoor Ahmedوفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ہونیوالے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے قومی کھلاڑیوں کیلیے اسپورٹس انشورنش پالیسی لانے، اسلام آباد میں ہاکی اسٹیڈیم کو لیجنڈ گول کیپر منصور احمد کے نام سے منسوب کرنے، نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیلیے پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرنے سمیت منصور احمد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی، نارووال اسپورٹس کمپلیکس پر نیب نے نہیں بلایا، نیب والے کسی کو بھی بلا سکتے ہیں جب بلائینگے تو پیش ہو جائیں گے۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ابو عاکف، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ عامر علی احمد ، ڈپٹی ڈی جی ایڈمن منصور احمد خان سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہاکی لیجنڈ منصور احمد کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کھلاڑیوں کی دوران علالت، حادثے کے پیش نظر قومی کھلاڑیوں کیلیے اسپورٹس انشورنش پالیسی لانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت تمام فیڈریشنز سے کھلاڑیوں کے نام لیے جائینگے اور اسٹیٹ لائف کے ذریعے ان قومی ایتھلیٹس کی انشورنس کروائی جائے گی۔

اجلاس میں لیجنڈ گول کیپر منصور احمد کے نام سے ہاکی اسٹیڈیم منسوب کرنے سمیت حکومت کی جانب سے منصور احمد کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی جبکہ بیڈمنٹن کی سابق پلیئر زرینہ وقار کے علاج کیلیے بھی 10لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی سے ڈیپوٹیشن پر نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیلیے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور پاکستان اسپورٹس بورڈ ہیڈ کوارٹرز کیلیے چیف انجینئر کی خدمات لی جائے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے کہاکہ اجلاس میں کھیلوں کے حوالے سے مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور سائوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے حوالے سے بھی مختلف امور زیر غور آئے جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سیف گیمز کے انعقاد کیلیے فنڈز بھی مختص کیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں گول کیپر منصور احمد کی خدمات کے پیش نظر ان کے نام سے ہاکی اسٹیڈیم منسوب کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام واپس لایا جائے۔

ریاض پیر زادہ نے مزید کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے والی فیڈریشنز کو زیادہ فنڈز دیے جائے۔ انھوں نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ملک کیلیے سود مند ثابت ہوگا۔

نارروال اسپورٹس کمپلیکس پر نیب کی انکوائری کے حوالے سے ریاض پیر زادہ نے کہاکہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس پر نیب نے نہیں بلایا، نیب والے کسی کو بھی بلاسکتے ہیں جب بلائینگے تو پیش ہو جائینگے، انھوں نے کہاکہ پی ایس بی میں پارٹی بازی تھی جسے ٹھیک کر دیا گیا ہے۔