counter easy hit

میں بہت ہی غیر معمولی شخص ہوں کیونکہ۔۔۔ 90ء کی دہائی کے ایکشن ہیرو سنی دیول نے خود سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کبھی بھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتے بس سرسری طور پر کہانی سن کر فلم کرنے کی حامی بھرلیتے ہیں، نجی بھارتی اخبار کے مطابق سنی دیول نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں بہت ہی غیر معمولی شخص ہوں اور ہمیشہ اپنے دل کی سنتا ہوں یہی وجہ ہے کہ فلموں کے معاملے میں بھی اپنے دل کے ہی فیصلے کو ترجیح دیتا ہوں۔ سنی دیول نے کہا کہ میں صرف فلم کی کہانی سرسری طور پر سنتا ہوں لیکن اُس کی گہرائی میں نہیں جاتا اگر فلم کی کہانی اچھی ہوتی ہے تو پھر حامی بھر لیتا ہوں۔ جب کہ آج کل کی مناسبت سے فلموں کی کہانی سننا ضرورت بن گئی ہے لیکن اُس کے باوجود میں آج بھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتا۔ اداکار نے کہا کہ فلم کو مکمل کرنے کے لئے میں صرف ہدایت کار سے آئیڈیا لیتا ہوں اور پھر جو اسکرپٹ رائٹر ہوتا ہے اس سے بات کرتا ہوں اور اس کو سنتا ہوں کیوں کہ یہی وہ چیز ہوتی ہے جو آخر کار اسکرین پر نظر آتی ہے۔ واضح رہے کہ سنی دیول نے 1983 میں فلم ’بےتاب‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا، جس کے بعد سے وہ کئی بہترین فلموں کا حصہ بن چکے ہیں، جن میں ’گھایل‘، ’دامنی‘، ’غدر ایک پریم کتھا‘ اور ’ڈر‘ شامل ہیں۔ ویسے تو فلموں کے اسکرپٹس پڑھے بغیر ان میں کام کرنا کسی بڑے خطرے سے کم نہیں، تاہم سنی دیول اس ہی طرح اپنے کیریئر کو آگے لے کر بڑھنے چاہتے ہیں۔ سنی دیول نے کہا کہ ’میں اسے کوئی جوا نہیں سمجھتا، میں ایسا کرتا ہوں، کیوں کہ مجھے ایسا کرنا پسند ہے‘۔62سالہ سنی دیول اس وقت اپنی فلم ’بھئیا جی سپرہٹ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو 23 نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی گئی۔ اس فلم میں سنی دیول کے ہمراہ پریتی زنٹا اور ارشد وارثی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔