counter easy hit

قائمہ کمیٹی اجلاس، 50 ہزار ٹن تیل کراچی پہنچ گیا، قلت جلد ختم ہو جائیگی، سیکرٹری خزانہ

Petroleum Products

Petroleum Products

اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں غیرحاضری پر قرارداد پاس، کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں اضافے کے خلاف بھی قرار داد منظور کی ہے جبکہ تیل کے موجودہ ذخائر کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم موجودگی کے باعث نسرین جلیل کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ کی عدم موجودگی پر کمیٹی ارکان نے احتجاج کیا اور قرار داد پاس کی۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ آئندہ وزیر خزانہ کی غیرموجودگی میں اجلاس نہیں کرینگے۔

کمیٹی ارکان نے ملک میں پٹرول کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں اضافے کیخلاف بھی قرار داد پاس کی۔

کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں ہونیوالی کمی کے مطابق عوام کو ریلیف دے ، سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ 50ہزار ٹن تیل کا جہاز کراچی پہنچ چکا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں تیل کی ترسیل آج سے شروع ہو جائے گی اور آئندہ چند روز تک ملک سے تیل کی قلت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔